Monday, December 2, 2024
Homesliderہندوستان کا ورلڈ کپ سے مایوس کن اخراج، انگلینڈ فائنل میں داخل

ہندوستان کا ورلڈ کپ سے مایوس کن اخراج، انگلینڈ فائنل میں داخل

- Advertisement -
- Advertisement -

ایڈیلیڈ ۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ہندوستان کو کراری شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا فائنل میں مقابلہ اتوارکو پاکستان کے ساتھ ہوگا۔ انگلینڈ نے ہندوستان کو 10 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر فائنل رسائی حاصل کی ہے۔ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے جارحانہ نصف سنچریاں بنانے کے علاوہ 170 رنز کی شراکت داری بناکر اپنی ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔ہندوستان کی جانب سے کامیابی کے لئے دئے گئے 169 رنز کے تعاقب میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز نے جارحانہ نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔دوسرے سرے سے کپتان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور صرف 36 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ لیکن دونوں کی دھواں دار اننگز کا سلسلہ ہیں نہیں رکا، انہوں نے پورے میچ کے دوران ہندوستانی بولروں کو بے بس کیے رکھا اور میدان کے ہر طرف شاندار شارٹس کھیلے اور خاص کر اسکوئر باونڈریز جو چھوٹی تھی اس کا پورا فائدہ اٹھایا ۔

 انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر 49 گیندوں پر 80 اور ایلکس ہیلز47 گیندوں پر 87 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ انگلینڈ کے لیے 47 گیندوں پر 80 رنزکی جارحانہ ناٹ آوٹ اننگز کھیلنے پر ایلکس ہیلز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 4 چوکے اور 7 چھکے لگائے ۔ قبل ازیں ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے بیٹنگ کےلئے مدعو کئے جانے کے بعد انگلینڈ کو فتح کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ایڈیلیڈ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستان نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں لوکیش راہول صرف پانچ رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کی وکٹ بنے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت شرما کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاور پلے میں مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 47 رنز کی شراکت کی لیکن 56 کے مجموعی اسکور پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں روہت شرما وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 28 گیندوں پر 27رنز بنائے۔ سوریا کمار یادیو نے آنے کے بعد چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن عادل رشید کی ایک گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں وہ فل سالٹ کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔ تین وکٹیں گرنے کے بعد ہاردک پانڈیا نے کوہلی کے ہمراہ 61 رنز جوڑکر اسکور کو 136تک پہنچا دیا۔ کوہلی نے ایک مرتبہ پھر ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور نصف سنچری اسکور کی لیکن 40 گیندوں پر 50 رنز بنانے والےکوہلی کرس جورڈن کی وکٹ بنے۔ دوسرے سرے سے پانڈیا نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سیم کرن کے ایک اوور میں 20 رنز بٹورکر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

 پانڈیا 33 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد اننگز کی آخری گیند پرہٹ وکٹ ہوئے۔انگلینڈ کے لئے جارڈن کامیاب بولر ثابت ہوئے انہوں نے 43 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔عادل رشید اور ووکس نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل 13 نومبر بروز اتوار میلبورن کرکٹ گراونڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گاچونکہ پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے ۔