Wednesday, April 23, 2025
Homesliderہندوستان 244 پر آل آؤٹ ، سڈنی ٹسٹ میں آسٹریلیا کا...

ہندوستان 244 پر آل آؤٹ ، سڈنی ٹسٹ میں آسٹریلیا کا مستحکم موقف

- Advertisement -
- Advertisement -

سڈنی۔ ہندوستانی ٹیم اپنے بیٹسمینوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو پہلی اننگز میں244 رنوں پر سمٹ کر بحران سے دوچار ہوگئی ہے ۔آسٹریلیائی ٹیم کو پہلی اننگز میں94 رنزکی اہم برتری حاصل ہوئی اور دوسری اننگز میں دن کے اختتام تک دو وکٹ پر103 رنز بناکر اپنی مجموعی برتری 197پہنچا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے ۔آسٹریلیائی ٹیم نے پہلی اننگز میں338 رنز بنائے تھے جبکہ ہندوستان نے آج صبح دو وکٹوں پر96 رنزسے آگے کھیلنا شروع کیا تھا لیکن پوری ٹیم244 رنز پرڈھیر ہوگئی ۔ چیتشور پجارا نے50 رنزکی جدوجہد بھری اننگزکھیلی لیکن وہ اپنی اننگز کو زیادہ آگے نہیں لے جاسکے ۔

 گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے کپتان اجنکیا رہانے اس مرتبہ 22 رنز بناکرآؤٹ ہوئے ۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت نے جدوجہد کرتے ہوئے 36 رنز بنائے تھے لیکن ان کے ہاتھ میں چوٹ لگنے کے بعد ان کی توجہ ختم ہوگئی اور وہ آوٹ ہوگئے ۔ واضح رہے کہ پجارا اور پنت دونوں نے گزشتہ آسٹریلیائی دورہ 2018-19 میں سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں سنچریاں بنائیں تھی لیکن اس مرتبہ ہندوستانی بیٹسمینوں میں سے کوئی بھی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے ۔ ہندوستان کی نو وکٹیں 214 رنز پرگرگئیں لیکن آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے ناٹ آؤٹ 28 رنز بنائے اورہندوستان کو244 رنز تک پہنچا یا۔ہندوستانی اننگز کو سمٹنے کے بعد آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی ابتدا اچھی نہیں رہی۔

محمد سراج نے اپنے دوسرے ٹسٹ میں پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے حریف اوپنر ول پوکوسکی کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے دو چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں میں دس رنز بنائے ۔ پہلی اننگز میں کوئی وکٹ نہ لینے والے آف اسپنر روی چندرن اشون نے جلد ہی کامیابی حاصل کی اور ڈیوڈ وارنر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں پانچ رنز بنانے والے وارنر دوسری اننگز میں کچھ نہ کرسکے اور29 گیندوں میں صرف ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔آسٹریلیا کے دو وکٹیں 35 رنز پرگرگئیں اور ہندوستان میچ میں واپسی کرتا ہوا نظر آرہا تھا لیکن مارنس لیبس شین اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اسٹیون اسمتھ کریز پر جم گئے اور آسٹریلیا کو دن تک مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت داری میں68 رنزکا اضافہ کیا اور آسٹریلیائی ٹیم کو197 رنز کی برتری تک پہنچادیا۔ آسٹریلیا چوتھے دن اس برتری کو مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ چوتھی اننگز میں ہندوستان پر دباؤڈالا جاسکے ۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر لابوشین 69 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز اور پہلی اننگز میں131 رن بنانے والے اسمتھ 63 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔