Thursday, May 15, 2025
Homeاسپورٹسہند ۔ ویسٹ انڈیز ونڈے سیریز میں نمبر 4 پھر موضوع بحث

ہند ۔ ویسٹ انڈیز ونڈے سیریز میں نمبر 4 پھر موضوع بحث

- Advertisement -
- Advertisement -

گیانا۔ میزبان ٹیم کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کامیابی کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا جمعرات کو یہاں آغاز ہورہا ہے جس میں ہندوستانی ٹیم کی بیٹنگ صف بندی میں تبدیلی کا قوی امکان ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون کی واپسی ہوئی ہے اور وہ نائب کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جس سے قوی امکان ہے کہ کے ایل راہول نمبر 4 پر بیٹنگ کریں گے کیونکہ دنیا کے بہترین بیٹسمین ویراٹ کوہلی کا نمبر 3 مستقل مقام ہے۔ 130 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے علاوہ روہت شرما کے ساتھ اننگز کا کامیاب آغاز کرنے والے شکھر دھون کے نام 17 سنچریاں درج ہیں جس میں آخری سنچری ورلڈ کپ میں زخمی ہونے سے قبل بنائی گئی ہے، لہذا کل کھیلے جانے والے مقابلے میں روہت اور دھون کے اننگز کے آغاز کے امکانات روشن ہیں۔

ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کا مڈل آرڈر ناکام ہوا تھا اور اسی مڈل آرڈر کے مسائل کے حل کیلئے اب نمبر 4 پر راہول کو موقع دیا جاسکتا ہے جبکہ نمبر 5 اور 6 پر کیدار جادھو اور منیش پانڈے موجود ہیں۔ ان کے درمیان ریشپھ پنت کی موجودگی میں مسابقتی دوڑ کو مزید سخت بنا رہی ہے۔ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار جنہوں نے تینوں ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے، لہذا امید کی جارہی ہے کہ انہیں کچھ آرام دیتے ہوئے ورلڈ کپ کے کامیاب ترین بولر محمد سمیع کو موقع دیا جاسکتا ہے –

ان کے ساتھ ابھرتے فاسٹ بولر نودیپ سائنی کو بھی ونڈے کریر کے آغاز کا موقع دیا جاسکتا ہے۔ 2019ءآئی سی سی ورلڈ کپ میں خطاب کیلئے پسندیدہ ٹیم کیلئے شرکت کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جس کے بعد اس کے معیار اور ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی پر سوالیہ نشان لگا ہے۔ ورلڈ کپ میں مایوس کن اخراج کے بعد کوہلی کی ٹیم نے میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں صدفیصد فتوحات حاصل کرتے ہوئے کسی قدر اعتماد بحال کیا ہے، لیکن ٹوئنٹی 20 سیریز میں ہندوستانی بولروں کو ”یونیورسل باس“ کرس گیل کے چیلنج کا سامنا نہیں تھا، لیکن اب ونڈے سیریز میں گیل کی واپسی ہوئی ہے۔

 ہندوستانی ٹیم کیلئے اننگز کے آغاز پر روہت شرما کا شاندار فام اہمیت کا حامل ہے، جنہوں نے ورلڈ کپ میں ریکارڈ 5 سنچریاں اسکور کی ہیں اور وہ امریکہ میں بھی محدود اوورس کی سیریز میں اس فارم کو برقرار رکھ پائے تھے، نیز ٹیم انتظامیہ کو اُمید ہے کہ وہ ساتھی اوپنر دھون کے ساتھ ٹیم کو ایک مرتبہ پھر بہتر شروعات فراہم کریں گے۔ ورلڈ کپ میں کوہلی نے رنز بنائے لیکن وہ سنچری بنانے سے محروم رہے لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین مقابلوں میں سنچری کو عبور کریں گے۔

 ہندوستانی بیٹنگ شعبہ میں پھر ایک مرتبہ تمام تر توجہ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت پر مرکوز ہوگی کیونکہ دھونی کی عدم موجودگی میں انہیں ٹیم کا پہلا وکٹ کیپر بنایا گیا۔ ابتدائی دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں ناکام ہونے کے بعد ٹیم انتظامیہ نے ان پر بھروسہ کرتے ہوئے تیسرے مقابلے میں بھی موقع دیا جس کا جارحانہ وکٹ کیپر نے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف نصف سنچری اسکور کی بلکہ اپنا اعتماد بھی بلند کیا ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم بائیں ہاتھ کے اوپنر جان کیمبل، روسٹن چیس اور آل راؤنڈر کیموپال کو 14 رکنی ٹیم نے دوبارہ طلب کیا ہے، جس سے ٹیم کا توازن مستحکم ہوا ہے اور وہ کامیابی کیلئے پرعزم ہے۔