حیدرآباد۔ شہرحیدرآباد میں 23 جون سے ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ سروس (ایم ایم ٹی ایس) ٹرینیں دوبارہ شروع کرنے کے بعدساؤتھ سنٹرل ریلوے (ایس سی آر) یکم جولائی سے مزید 45 ایم ایم ٹی ایس خدمات کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
کوویڈ 19 وبائی مرض کی وجہ سے درپیش چیلنجوں اور وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کےلئے ایم ایم ٹی ایس خدمات کو 23 مارچ ، 2020 کو معطل کردیا گیا تھا۔ تاہم ایس سی آر کی حدود میں ٹرین کی خدمات کو بتدریج دوبارہ شروع کرنے کے سلسلے میں 10 ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کی خدمات 23 جون سے دوبارہ شروع کی گئیں۔
ایم ایم ٹی ایس سروس کو انٹرا سٹی اور مضافاتی ٹریفک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 9 اگست 2003 کو متعارف کروایا گیا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ایم ایم ٹی ایس خدمات کی تعداد میں اضافہ کیا گیا جس کی وجہ سے ان ٹرین خدمات اور ٹرینوں میں اضافہ ہوا۔ روزانہ 121 ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں میں تقریبا 1.60 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔
ایم ایم ٹی ایس (ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ سروس) جڑواں شہروں میں نقل و حمل کے سستے اور معاشی طریقوں میں سے ایک بہتر حمل ونقل کا ذریعہ ہے۔ ایم ایم ٹی ایس کی خدمات فلک نما – سکندرآباد – حیدرآباد – بیگم پیٹ – لنگم پلی – تالا پور – رامچندر پورم میں پھیلی ہوئی 50 کلومیٹر کے رقبے کو پورا کرتی ہیں ، جو 29 ریلوے اسٹیشنوں پر محیط ہے ۔علاوہ ازیں شہر کے مشرقی حصے کو مغربی کنارے سے جوڑتا ہے۔
ایم ایم ٹی ایس کے لئے کم سے کم کرایہ 5روپے ہےاور زیادہ سے زیادہ کرایہ 15 روپے ہے۔ کم از کم کرایہ 5 روپئے ایم ایم ٹی ایس خدمات کے آغاز سے جاری ہے۔ ایم ایم ٹی ایس کے روزانہ مسافروں کے لئے سیزن ٹکٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔