ممبئی ۔ ٹی20 ورلڈکپ میں بہترین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور فائنل میں پلیئر آف دی میچ بنے ان کے آسٹریلیائی ساتھی مشل مارش ان 49 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو آئی پی ایل 2022 کی میگا نیلامی میں دوکروڑ کے زیادہ سے زیادہ بنیادی قیمت کی فہرست میں شامل ہیں۔ وہیں کرک انفو کو ملی طویل فہرست میں مشل اسٹارک ، سیم کیرن، بین اسٹوکس، کرس گیل، جوفراآرچر اور کرس ووکس جیسے نام موجود نہیں ہیں۔
فہرست میں کئی بڑے نام شامل ہیں جن میں17 ہندوستانی اور32 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ ان میں روی چندرن اشون، شریس ایر، شکھر دھون، ایشان کشن، سریش رائنا، پیٹ کمنز، ایڈم جمپا، اسٹیون اسمتھ، شکیب الحسن، مارک ووڈ، ٹرینٹ بولٹ، فاف ڈو پلیسس، کوئنٹن ڈی کاک، کگیسو ربادا اور ڈوین براوو شامل ہیں۔اس فہرست میں مجموعی طور پر 1214 کرکٹرز ہیں جن میں سے 270 غیر معروف اور41 اسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں نے نیلامی میں اپنا نام درج کروایا ہے ۔ یہ فہرست جمعہ کو 10 ٹیموں کو بھیجی گئی ہے ۔ حتمی فہرست 12 اور 13 فروری کو ہونے والی نیلامی سے دو دن قبل تیار کی جائے گی۔
زیادہ تر فرنچائزی نئی ٹیم بنانے کے لیے اچھے پرس کے ساتھ نیلامی میں اتریں گی، لیکن پنجاب کنگز، سن رائزرز حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے پاس سب سے زیادہ پیسے ہوں گے ۔ دوسری جانب فرنچائزی کی بھی اس مرتبہ میگا نیلامی میں مستقبل کو دیکھتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ رہے گی۔یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ دیو دت پڈیکل، ہرشل پٹیل اور یہاں تک کہ کم معروف ویسٹ انڈیز کے اوڈن اسمتھ نے اپنی بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے رکھی ہے ۔ پڈیکل نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ہندوستان کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ انہیں 2020 میں رائل چیلنجرز بنگلور نے 20 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ ان کی کارکردگی سے کوہلی اور سنیل گواسکر بھی متاثر ہوئے تھے ۔
ہرشل کو آر سی بی نے دہلی کیپٹلس سے حاصل کیا اور2021 کے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ 32 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بنے تھے ۔ ہرشل نے اس بار نیلامی میں جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے پاس نئی گیند کے ساتھ آخری اوورز میں بولنگ کرنے کی مہارت ہے اور یہ ٹیموں کو اپنی طرف راغب کر سکتا ہے ۔دوسری طرف، اسمتھ آئی پی ایل میں مکمل طور پر انجان ہیں لیکن جس نے بھی 25 سالہ جمائیکا کے کھلاڑی کی طرف دیکھا ہے ، انہیں لگتا ہے کہ ان میں آندرے رسل بننے کی صلاحیت ہے ۔ اسمتھ نہ صرف اچھی رفتار سے بولنگکرتے ہیں بلکہ ٹی 10 جیسے ٹورنمنٹ میں انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ بیٹنگ سے بھی کمال کر سکتے ہیں۔