ممبئی ۔بالی ووڈ سوپراسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان جیل سے باہر آگئے ہیں تاہم آرین خان پر اب بھی خطرے کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ گزشتہ روزآرین خان این سی بی کے دفتر میں پیشی کے لیے آئے تھے۔ دوسری جانب آرین خان کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کو آرین خان ڈرگ مقدمہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ای ٹائمز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آرین خان سمیت 5 لوگوں کا مقدمہ اب این سی بی کی مرکزی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے نے اس مقدمہ میں نئی بحث کو جنم دیا ہے ۔
ان مقدمات میں آرین خان، نواب ملک کے داماد سمیر خان کے علاوہ اقبال کاسکر، ارمان کوہلی، کشمیر ڈرگ مقدمہ شامل ہیں۔ تاہم سمیر وانکھیڑے اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ وانکھیڑے ممبئی این سی بی کے زونل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ ان معاملات میں سمیر وانکھیڑے ممبئی میں رہیں گے اور دہلی ہیڈ کوارٹر رپورٹ کریں گے۔ کسی بھی آئندہ مقدمہ پر کام کرنے کے لیے سمیر وانکھیڑے کو پہلے دہلی ہیڈ کوارٹر سے اجازت لینی ہوگی۔
این سی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آف آپریشن سنجے سنگھ نے اس سلسلے میں اہم بیان دیا ہے۔ سنجے سنگھ نے میڈیا کومطلع کیا ہے این سی بی کے کسی عہدیدار کو ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا جا رہا ہے۔ مخصوص حکم آنے تک این سی بی اسی طرح کام کرتا رہے گا۔ سمیر وانکھیڈے این سی بی کے لیے اسی عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ اب سے سمیر وانکھیڑے ایس آئی ٹی کی ٹیم کی مدد کریں گے۔ سمیر وانکھیڑے اور ایس آئی ٹی کی ٹیم منشیات کے معاملے پر مل کر کام کرے گی تاکہ تحقیقات اچھی طرح سے ہو سکے۔
سمیر وانکھیڑے نے بھی این سی بی میں اس ردوبدل پر خاموشی توڑی ہے۔ این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سمیر وانکھیڑے نے کہا کہ میں نے خود ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ میں نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ ان معاملات کی جانچ سی بی آئی یا این آئی اے جیسی کسی مرکزی ایجنسی سے کروائی جائے۔ اس درخواست کی بنیاد پر دہلی کے ایک سینئر عہدیدار کی قیادت میں ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سمیر وانکھیڑے کو مقدمہ سے ہٹائے جانے کے بعد این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر نواب ملک نے بیان دیا ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ یہ تو ابھی شروعات ہے۔ اب نظام کو صاف کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا پڑے گا۔ اس وقت 26 مقدمات کی تفتیش کی ضرورت ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے۔