ممبئی ۔بالی ووڈ کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان آج اپنے بیٹے آرین سے ملنے کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل پہنچے جو منشیات کے ایک مقدمہ کے سلسلے میں 3 اکتوبر سے سلاخوں کے پیچھے ہے۔23 سالہ آرین کو سات دیگر افراد کے ساتھ اس وقت گرفتار کیا گیا جب نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی سے گوا جانے والے کروز جہاز میں سوار ایک منشیات پارٹی کا پردہ فاش کیا۔
ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے چہارشنبہ کو ممنوعہ ادویات کی ضبطگی کے سلسلے میں آرین اور دو دیگر کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے ۔نچلی عدالت کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں ایک اپیل دائر کی گئی ہے اور توقع ہے کہ آرین کے وکلاء مقدمہ کی فوری سماعت کروائیں گے۔جہاں گلیمر کی دنیا کے ایک بڑے طبقے نے بالی ووڈ اسٹار کے خاندان کے لئے اپنی حمایت کا شدت سے اظہار کیا ہے اور گرفتاری اور اس کے نتیجے میں قانونی حیثیت پرسوال اٹھایا ہے ، شاہ رخ خان اب تک زیادہ تر عوامی نظروں سے غائب رہے تھے اور یہ ان کا جیل کا پہلا دورہ ہے ۔
ان کی بیوی گوری خان ایک مرتبہ عدالت کے باہرانتظار کررہی تھی جب آرین کی سماعت جاری تھی لیکن جب ان کے بیٹے کو جیل واپس بھیج دیا گیا تو انہیں آنسو بھری آنکھوں سے واپس جاتا ہوا دیکھا گیا تھا۔علاوہ ازیں سوپر اسٹار جوڑے نے ایک بار اپنے بڑے بیٹے سے ویڈیو کال پر بات کی تھی جب آرین روپڑا تھا ۔قبل ازیں گزشتہ روز نارکوٹک ڈرگس اور سائیکو ٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) کی خصوصی عدالت نے منشیات معاملے میں بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور ان کے دو دوستوں کی عدالتی تحویل میں توسیع کرتے ہوئے ان کے ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔آرین اور ارباز مرچنٹ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں بند ہیں جبکہ من من دھمیچا خواتین کی بائیکلا جیل میں قید ہیں۔این ڈی پی ایس کے خصوصی جج وی وی پاٹل نے تینوں ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ جسٹس پاٹل نے اس سے قبل 14 اکتوبر کو سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست پر دلائل کے بعد اپنا حکم محفوظ رکھا تھا۔