گوہاٹی۔ شمال مشرقی ہندوستان کی ریاستوں بشمول آسام اور بنگلہ دیش اور بھوٹان میں آج زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت6.7 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے سبب املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات ہیں ۔ بہت ساری عمارتوں اور بہت سارے علاقوں میں دیواروں اور زمین میں دراڑ پڑگئی ہے ۔ تادم تحریر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے بموجب کہ اس زلزلے کا مرکز گوہاٹی سے 140 کلومیٹر دور دھیکیاجولی کے قریب زمین کی سطح سے 34 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔گوہاٹی شہر کے ایک رہائشی نے کہا ہے یہ آسام میں اب تک کا سب سے زوردار زلزلہ تھا۔ زلزلہ کے دو زبردست جھٹکے محسوس کئے گئے ، خدا کا شکر ہے کہ ہم سب محفوظ ہیں۔
گوہاٹی میں کثیرالمنزلہ اپارٹمنٹس کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ کئی عمارتوں کی چھتوں اور دیواروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ریاستی وزیرصحت ہیمنت وشو شرما نے کہا زلزلے کے سبب ہمیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن ہم بڑے پیمانے پرمالی نقصان کے نقشے اور مناظر دیکھ رہے ہیں۔
دریں اثناءوزیراعظم نریندر مودی نے آسام کے چیف منسٹر سربانند سونوال سے بات کی اور ان کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا اور انہیں مرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ریاستی انتظامیہ نے زلزلے سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے لئے ایک کنٹرول سنٹر قائم کیا ہے ۔
علاقائی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق آج صبح 7.51 بجے زلزلے کے جھٹکے آسام ، میگھالیہ اور اس سے متصل شمال مشرقی علاقوں کے علاوہ بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کئے گئے ۔شمال مشرقی ریاستوں میں ہندوستان کی سات ریاستیں ‘آسام ، میگھالیہ ، میزورم ، تری پورہ ، ناگالینڈ ، اروناچل پردیش اور منی پوراس کی زد میں آنے والے علاقوں میں شامل ہیں اور یہ دنیا کے چھٹے بڑے زلزلے سے متاثرہ خطہ سمجھا جاتا ہے ۔