سڈنی ۔مارنس لابوشین کی ناٹ آوٹ اور کرئیر کا پہلا مقابلہ کھلینے والے وِل پُکوسکی (62) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف بارش سے متاثر تیسرے ٹسٹ کے پہلے دن پہلی اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک55 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر166 رن بنا ئے ۔ ابتدائی دن چند ایک لمحات کے چھوڑ کر آسٹریلیا کا رہا جس میں اس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ایک ہمالیائی اسکور کی بنیاد رکھی ہے ۔ہندوستان کی جانب سے محمد سراج اور ٹسٹ میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے نودیپ سینی نے فی کس ایک وکٹ لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے لابوشین نے 149 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ67 رنز بنا کر جبکہ اسٹیون اسمتھ 64 گیندوں میں پانچ شاندار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان ٹِم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگکر نے کا فیصلہ کیا لیکن محمد سراج نے اننگز کے چوتھے اوور کی تیسری گیند پر اوپنر ڈیوڈ وارنر کو سلپ میں چیتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرکے 6 رنز کے اسکور پر میزبان ٹیم کو پہلا جھٹکا دیا۔ وارنر آٹھ گیندوں میں پانچ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ وارنر کی واپسی سے امیدکی جارہی تھی کہ وارنر کی واپسی سے آسٹریلیا کو اننگز کے آغاز پر ہونے والے مسائل کا حل مل جائے گا لیکن وارنر کی واپسی کے بعد بھی سڈنی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں یہ مسئلہ محمد سراج کی بہترین بولنگ کی وجہ سے حل نہیں ہوپایا۔ وارنر کے جلد آوٹ ہونے کے بعد امید کی جارہی تھی کہ ہندوستان کو دوسری کامیابی بھی جلد مل جائے گی اور شاید مل بھی جاتی اگر وکٹ کیپر رشپھ بنت محمد سراج اور اشون کی گیند پر دو کیچز نہیں چھوڑتے ۔
ان مواقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لابوشن اور پہلا ٹسٹ کھیلنے والے اوپنر پُکوسکی نے دوسری وکٹ کےلئے 100 رنز سے زیادہ کی پارٹنر شپ نبھائی ۔بعد ازاں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے لابوشین نے پُکووسکی کا بخوبی ساتھ دیا اور دونوں نے دھیرے دھیرے کھیلتے ہوئے اننگزکو سنبھالتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ اس درمیان رک رک کر ہونے والی بارش کے سبب کھیل کئی بار روکنا پڑا اور پہلے دن محض 55 اوور کا ہی کھیل ہو سکا۔ پُکووسکی اور لابوشین نے دوسرے وکٹ کے لئے 100 رن کی شاندار شراکت داری کی۔ ہندوستان کی جانب سے کرکٹ میں کرئیر کا آغاز کرنے والے فاسٹ بولر نودیپ سینی نے پُکووسکی کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ پُکووسکی نے 110 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے ۔ انہوں نے اپنے ہوم گراونڈ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 60 سے زیادہ کی اوسط کو بین الاقوامی سطح پر پہلے مقابلے میں جاری رکھا ۔
پُکووسکی کو اننگز میں دو مرتبہ موقع ملا۔ پہلی مرتبہ 26 رنز کے انفرادی اسکور پر پُکووسکی کا اشون کی گیند پر وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایک بہت آسان سا کیچ چھوڑ دیا جبکہ دوسری مرتبہ32 رنز پر سراج کی گیند پر رشبھ پنت نے ہی پُکووسکی کو پویلین بھیجنے کا مزید ایک موقع گنوا دیا جو کہ مہمان ٹیم کو بھاری پڑا۔ ان کے آوٹ ہونے کے بعد اسمتھ نے لابوشین کے ساتھ تیسرے وکٹ کےلئے 60 رنز کی اہم پارٹنر شپ مکمل کرلی ہے لیکن اس پارٹنر شپ میں اسمتھ 5 چوکوں پر ناقابل تسخیر 31 رنز ہندوستان کےلئے خطرے کی گھنٹی ہے کیونکہ اس سے قبل 2 ٹسٹ مقابلوں کی 4 اننگز میں اسمتھ دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکے۔ہندوستان کےلئے محمد سراج نے 14 اوورس میں 46 رنز اور سینی نے 7 اوورس میں 32 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی ۔پہلے دن بارش سے مقابلہ متاثر ہونے کے بعد امید ہےکہ دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ہی شروع کیا جائے گا۔