لاہور۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعہ کو تصدیق کی کہ آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کے دورے کا آغاز 4 مارچ کو راولپنڈی میں پہلے ٹسٹ سے کرے گی۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ آسٹریلیا کا پاکستان کا یہ 1998 کے بعد پہلادورہ ہوگا۔راولپنڈی میں پہلے ٹسٹ کے بعد اگلے دو ٹسٹ کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد 29 مارچ سے 5 اپریل تک راولپنڈی میں تین ونڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا۔ شیڈول میں لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز کو کم کرنے کے ساتھ یوم پاکستان کی تیاری سے بچنے کے لیے نظر ثانی کی گئی ہے، جو عام طور پر مارچ کے دوسرے ہفتہ میں اسلام آباد میں شروع ہوتی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہاکلی نے کہا میں پی سی بی ، پاکستان اور آسٹریلیائی حکومتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ 24 سال میں پہلی مرتبہ دورہ جاری رہے گا۔ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور کھیل کی عالمی ترقی اور صحت کے لیے اہم ہے۔ ٹور کی منصوبہ بندی میں تعاون کے لیے آسٹریلین کرکٹرز اسوسی ایشن اور کھلاڑیوں، کوچز، معاون عملہ اور سیکیورٹی ماہرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم دو عالمی معیار کی ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔
دونوں کرکٹ بورڈز نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹسٹ ٹیم 27 فروری کو چارٹرڈ فلائٹ سے اسلام آباد پہنچنے سے قبل آسٹریلیا میں اپنا قرنطینہ مکمل کرے گی۔ ایک دن کے کمرے میں تنہائی کے بعد وہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تربیتی سیشن کریں گے۔آسٹریلیا میں قرنطینہ کے بعد آسٹریلیا کے وائٹ بال کھلاڑی کی 24 مارچ کو لاہورآمد متوقع ہے۔ آمد پر ایک روزہ تنہائی کے بعد وہ ٹیم کے دیگر اراکین کے ساتھ ضم ہو جائیں گے اور 29 مارچ کو راولپنڈی میں پہلے ونڈے کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔
پی سی بی حکام نے کہا ہے ہمیں خوشی ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا بورڈ نے باضابطہ طور پر ان کی ٹیم کے پانچ ہفتوں کے دورے کے پروگرام کی منظوری دے دی ہے اور اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے بہترین دستیاب کھلاڑی 24 سالوں میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ہم پیٹ کمنز اور ان کے کھلاڑیوں کی میزبانی کرنے پر واقعی پرجوش ہیں ۔ علاوہ ازیں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین نے کہا کہ ہم ایک مسابقتی سیریز کے منتظر ہیں جس میں تین ٹسٹ، تین ونڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی شامل ہوں گے۔ٹسٹ مقابلے آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جب کہ ونڈے مینز کرکٹ ورلڈ کپ سوپر لیگ سے منسلک ہیں جہاں سے میزبان ہندوستان سمیت ٹاپ آٹھ ٹیمیں 2023 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔