Sunday, June 8, 2025
Homesliderآندھراپردیش: سڑک حادثہ میں ایس بی آئی کا ایک ملازم زندہ جھلس...

آندھراپردیش: سڑک حادثہ میں ایس بی آئی کا ایک ملازم زندہ جھلس کر ہلاک

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: آندھراپردیش کے ضلع کرنول کے نندیال کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں ایس بی آئی کا ایک ملازم زندہ جھلس کر ہلاک ہوگیا۔یہ حادثہ بدھ کی صبح کی اولین ساعتوں میں نندیال منڈل کے چاپیرے پولا ٹول پلازہ کے حدود میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ ایس بی آئی کا ملازم جس کی شناخت شیواکمار کے طورپر کی گئی ہے، اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ حیدرآباد سے کار میں نندیال کے لئے روانہ ہوئے تاہم نندیال سے پہلے ان کی کار چلانے والے نے اس کا توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں یہ کار کنٹینر سے ٹکراگئی  اور اس میں پھنس گئی۔

کنٹینر کے ڈرائیور نے یہ نہیں دیکھا اور کار کو گھسیٹ کر تقریبا تین کیلو میٹر تک لے گیا۔اسی دوران نندیال منڈل کے چاپیرے پالم علاقہ میں کار میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 40سالہ شیواکمار زندہ جھلس کر ہلاک ہوگیا۔وہ معذور تھا جس کی وجہ سے وہ کار سے باہر نہیں نکل سکا جبکہ اس کے دیگر ساتھی کار سے محفوظ طور پر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکار وہاں پہنچے اور آگ پر قابو کیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔شیواکمار نندیال کے رعیتو نگر کا رہنے والا تھا اور نندیال میں ایس بی آئی کا ملازم تھا۔