کوچی: بی اے انگریزی کی طالبہ نمیتا نارائنن آن لائن کلاسوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے اپنے دو منزلہ مکان کی غیر ہموار چھت پر گھنٹوں بیٹھ گئی۔ وہ قریب سے گزرنے والوں کی حیرت انگیز نگاہوں کا مرکز بنی ہوئی تھی ۔چونکہ کورونا وائرس نے کالجوں کو بند کرنے پر مجبور کیا اس کے بعد طلباء نصاب کو مکمل کرنے کے لئے آن لائن کلاسوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ نمیتا کو اریکل میں اپنے مکان کی چھت وہ واحد جگہ بنی جہاں نٹ ورک کے سگنلز مل رہے تھے اور وہ آن لائن لیکچر میں شرکت کرپائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس طالبہ نے کہا کہ میں نے اپنے گھر میں تمام جگہوں پر موبائل نٹ ورک حاصل کرنے کی کوشش کی بشمول برآمدے اور چھت کے اور آخر کار مجھے اپنے دو منزلہ مکان کے اوپری حصے میں کافی اچھا سگنل ملا ۔
نمیتا کٹی پورم کے کے ایم سی ٹی آرٹس اینڈ سائنس کالج کی طالبہ ہے۔نمیتا کے والد کوٹککل آریہ ویدیا سالا میں ملازم اور اس کی والدہ جی ایم ایل پی اسکول ملپورم میں ایک ٹیچرہیں اور انہوں نے آن لائن کلاسوں سے استفادہ کے لئے بیٹی کےچھت پر چڑھنے کے فیصلے کی حمایت کی یہاں تک کہ اس کام کےلئے کچھ ٹائل توڑنےبھی پڑے ہیں۔
نمیتا نے میڈیا سے کہا کہ بارش کوئی مسئلہ نہیں ہے ، لیکن گرج چمک کے ساتھ بجلی گرتی ہے تو مسئلہ ہوسکتا ہے۔ میری طرح بہت سارے طلبا کو بھی اچھے نٹ ورک کا مسئلہ درپیش ہے ۔ ان میں سے کئی مختلف متبادل راستے تلاش کر رہے ہیں۔
نمیتا کے والد نے کہا کہ انہوں نے بہتر نٹ ورک کی فراہمی کے لئے متعدد موبائل فون آپریٹرز سے رجوع کیا ہے لیکن کیبل کی دستیابی نہ ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو سکا۔