Friday, April 19, 2024
Homesliderارجنٹینا کو  28 برس بعد بڑی کامیابی ، کوپا امریکہ خطاب جیت...

ارجنٹینا کو  28 برس بعد بڑی کامیابی ، کوپا امریکہ خطاب جیت لیا

- Advertisement -
- Advertisement -

ریو ڈی جنیرو۔ سوپر اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنی ارجنٹینا ٹیم کے ساتھ پہلی ٹرافی حاصل کرلی ہے اور اینجِل ڈی ماریا کے گول کے باعث کوپا امریکہ کے فائنل میں ارجنٹینا نے میزبان برازیل کو 0۔1 سے شکست دے دی۔ ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں کامیابی سے ارجنٹینا کا کسی بڑی ٹرافی جیتنے کا انتظار 28 سال بعد ختم ہوا اور برازیل کا اپنے ملک میں ناقابل شکست رہنے کا رکارڈ ڈھائی ہزار سے زائد دنوں بعد ٹوٹ گیا۔

ارجنٹینا نے آخری مرتبہ بڑا خطاب 1993 میں اپنے نام کیا تھا جب عظیم گیبریئل باٹِسٹوٹا نے ایکواڈور میں کھیلے گئے کوپا کپ کے فائنل میں میکسیکو کو 1۔2 سے شکست دی تھی ۔ ارجنٹینا کے کوچ لیونل سالونی نے کہا کہ یہ بہترین خطاب ہے۔ مداحوں نے ٹیم کی غیر مشروط حمایت کی۔ یہ کوپا کپ کے برازیل میں کھیلے گئے 6 ایڈیشنز میں پہلا موقع ہے جب ٹیم ٹرافی جیتنے میں ناکام رہی۔ فائنل میچ کے آغاز سے ہی دو ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے، تاہم میچ کا واحد گول ارجنٹینا کے ڈی ماریا نے کھیل کے 22 ویں منٹ میں کیا۔ خطاب جیتنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ہم کئی مرتبہ ٹرافی کے بہت قریب آنے کے باوجود فاتح نہیں بن پاتے تھے، ہم نے اس کے لیے بہت خواب دیکھے تھے اور سخت محنت کی تھی۔

برازیل کے کوچ ٹائٹ نے کہا کہ ہم شدید تکلیف اور مشکل کے باوجود اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے۔ میسی کےلئے یہ کامیابی اہمیت کی حامل رہی کیونکہ ارجنٹینا کو چار مرتبہ فائنلس میں شکست ہونے کے علاوہ ٹورنمنٹ میں جلد اخراج کے بعد میسی پر ارجنٹینا ٹیم سے سبکدوش ہونے کے دبا ¶ بھی بڑھ رہا تھا۔ تاہم مارکنا اسٹیڈیم میں برازیل کےخلاف 1-0 کی کامیابی سے انہیں پہلی مرتبہ خوشی کے آنسو بہانے کا موقع ملا۔ اس کامیابی کے بعد ارجنٹینا نے ٹرافی کے حصول کے لئے 28 سالہ طویل قحط کو دور کیا ہے۔

میسی اور نیمر کوپا کپ کے بہترین کھلاڑی

ارجنٹینا نے کوپا کپ کے فائنل میں برازیل کو شکست دے کر 28 سال بعد بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی خطابی کامیابی حاصل کی ہے جس کے بعد ٹیم کے کپتان لیونل میسی کے علاوہ برازیل کے نیمر کو ٹورنمنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ حکام نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنمنٹ میں کسی ایک بہترین کھلاڑی کا انتخاب مشکل ہوا جس کے بعد ایک کی بجائے دو کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جیسا کہ ارجنٹینا کے میسی اور برازیل کے نیمر کو ٹورمنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ میسی نے 6 مقابلوں میں چار گول کرنے کے علاوہ پانچ گول میں معاون ثابت ہوئے جبکہ نیمر نے پانچ مقابلوں میں دو گول کرنے کے علاوہ تین گول کو یقینی بنانے میں معاونت کی ہے۔ تکنیکی مطالعہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے اپنے شاندار مظاہروں کے ذریعہ اپنی ٹیم پر مثبت اثر چھوڑا ہے۔ ارجنٹینا کے کپتان میسی جنہوں نے 2005 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اس کے بعد وہ قومی ٹیم کے لئے سب سے بہترین ٹورنمنٹ کھیلا ہے۔

کوپا کپ کے ریکارڈس حالانکہ برازیل کے حق میں تھے لیکن اس مرتبہ ارجنٹینا نے حریف ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی حاصل کی جس پر برازیل کے سب سے مشہور کھلاڑی نیمر جونیر نہ صرف مایوس دکھائی دیئے بلکہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوئے جس پر ان کے حریف کپتان لیونل میسی نے انہیں گلے لگاکر تسلی دی۔ میسی اور نیمر کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا ہے۔