Sunday, June 8, 2025
Homeٹرینڈنگاردویونیورسٹی میں 15 روزہ خطاطی ورک شاپ کا آغاز

اردویونیورسٹی میں 15 روزہ خطاطی ورک شاپ کا آغاز

مشہور خطاط ماسٹر عبدالغفارطلبہ کو ٹرینگ دیں گے

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ خطاطی اردو تہذیب و ثقافت کا ایک نہا یت اہم جزو ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے اسلاف کا قیمتی ورثہ بھی ہے۔اردو میں خطا طی کا آغاز عربی اور فارسی کے زیر اثرہوا ۔ اسلام میں چونکہ جاندار چیزوں کی تصویریں بنانے کی اجازت نہیں ہے اس لیے خطاطی کے فن کو اسلامی ممالک اور ان سے تعلق رکھنے والی ثقافتوں میں بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔عربی ، فارسی اور اردو میں اعلیٰ پائے کے خطاطی کے نمونے ملتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انیس اعظمی ، مشیر اعلیٰ ، مرکز مطالعاتِ اردو ثقافت ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے یونیورسٹی کے طلبہ کےلئے  خطاطی سکھانے کے ضمن میں منعقدہ 15  روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس میں کیا۔یہ ورکشاپ 26ستمبر تک جاری رہے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ا س قدیم اور گراں قدر ورثے کی بقا و تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔ مرکز مطالعاتِ اردو ثقافت نے شروع سے ہی اس بات کی کوشش کی ہے کہ اردو کی تہذیبی و ثقافتی جڑوں کی آبیاری کی جائے اور نئی نسل کو ان سے بخوبی متعارف کروایا جائے۔

اسی ضمن میں یہ خطاطی ورک شاپ منعقد کیا جارہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے مشہور خطاط ماسٹر عبدالغفار کی نگرانی میں جاری اس ورکشاپ میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 50طلبہ شر کت کر رہے ہیں۔ اس ابتدائی ورک شاپ میں طلبہ کوفنِ خطاطی کی تاریخ، مبادیاتِ اردو رسم الخط، حروف ِتہجی، دو حرفی جوڑ،سہ حرفی تا سات حرفی جوڑ، دائرے اور کشش اور نشست و کرسی اور لکھنے کے طریقے سے واقف کروایا جائے گا۔ افتتاحی اجلاس میں شعبے کے عملے کے علاوہ ورکشاپ میں شر یک تمام طلبہ موجود تھے۔جلسے کی نظامت جناب انیس اعظمی نے کی اور آخر میں اظہارِ تشکر کیا۔