ممبئی : اداکارہ سے سیاست داں بنی ارمیلا ماتونڈ کر نے کانگریس سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ارمیلا ماتونڈ کر لوک سبھا انتخابات کے وقت کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھیں،اور انہوں نے شمالی ممبئی کی لوک سبھا نشست سے انتخاب لڑا تھا۔مگر انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ارمیلا نے پارٹی کے اندرجاری چھوٹی سیاست کو کانگریس چھوڑنے کی وجہ قرار دیا ہے۔
ارمیلا رواں سال27 مارچ کو کانگریس میں شمولیت اختیا ر کی تھی۔ارمیلا کا استعفیٰ کانگریس کے لئے نقصان دہ ہے،کیونکہ اگلے ماہ مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات منعقدہونے والے ہیں،اور اس کے پیش نظر کانگریس اس وقت اپنے قائدین کو متحد رکھنے کے لئے جدو جہد کر رہی ہے۔
ارمیلا ماتونڈ کر نے اپنے بیان میں کہا کہ ”ممبئی کانگریس کے اعلیٰ عہدیدار یاتو پارٹی کو مضبوط نہیں کرنا چاہتے یا وہ ایسا کرنے سے قاصر ہیں۔ارمیلا نے اپنے کانگریس چھوڑنے کی اور بھی کئی وجوہات بتائی ہیں۔
ارمیلا ماتونڈ کر اور مہاراشٹرا کے سابق وزیر داخلہ کرپا شنکر سنگھ کے پارٹی سے استعفی دینے کے ایک دن بعد،کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے مہاراشٹرا کے ریاستی یونٹ کے سربراہ ایکناتھ گائکواڑ سے ایک میٹنگ کی۔گائکواڑ سونیا گاندھی کی رہائش گاہ 10جن پتھ پر پہنچے اور چہارشنبہ کو ان سے ایک گھنٹے تک بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ یو پی اے کی چئیر پرسن نے ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کے بہت سارے مستحق رہنماؤں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
منگل کے روز ارمیلا متونڈ کر،نے ممبئی کی قیادت پر ”غداری“ کا الزام لگایا تھا۔اور کرپا شنکر سنگھ نے جموں و کشمیر کے آرٹیکل 370 سے متعلق کانگریس کے رخ پر اپنے اختلافات کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔کانگریس اور این سی پی ریاست مہاراشٹرا میں اقتدار پر واپسی کے خواہاں ہیں۔