Thursday, April 24, 2025
Homesliderاشون کی سنچری، ہندوستان کامیابی سے 7 وکٹ دور

اشون کی سنچری، ہندوستان کامیابی سے 7 وکٹ دور

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی۔ اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری (106) مکمل کی جس کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 286 رن بنائے اور انگلینڈ کے سامنے دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں جیت کے لئے 482 رن کا چیلنجنگ ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم نے دن کے اختتام تک اپنے تین وکٹ 53 رن پر گنوا دئے ہیں ۔ انگلینڈ کو ابھی کامیابی کے لئے 429 رن کی ضرورت ہے ۔

ہندوستان نے پہلی اننگز میں 329 رن بنائے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 134 رن پر آوٹ ہوگئی تھی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 195 رن کی بڑی سبقت ملی تھی۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں آج تیسرے دن ایک وکٹ پر 54 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی اننگز 286 رنز پر ختم ہوئی۔اشون نے 233 منٹ کریز پر رہ کر 148 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی سنچری میں 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اشون نے کیریر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ان کی انگلینڈ کے خلاف یہ پہلی سنچری ہے ۔ ان کی باقی چار سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف بنی ہے ۔

انگلینڈ نے 482 رنز کے انتہائی مشکل ہدف کے سامنے ناقص آغاز کیا اور بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل نے ڈومینک سبلے کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ سبلے نے 25 گیندوں میں تین رنز بنائے اور انگلینڈ کا پہلا وکٹ 17 رنز پرگرا۔ روری برنس اور ڈینیل لارنس نے دوسری وکٹ کیلئے 32 رنز کی شراکت کی۔ جب ایسا محسوس ہورہا تھا کہ انگلینڈ باقی کے کھیل کو محفوظ نکال لے گا تبھی اشون نے برنس کو وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرا کر انگلینڈ کو زبردست جھٹکا دیا۔ برنس نے 42 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے ۔

انگلینڈ کا دوسرا وکٹ 49 کے اسکور پر گرا۔ اسپنر جیک لیچ کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا گیا لیکن پٹیل نے لیچ کو روہت شرما کے ہاتھوں آوٹ کرادیا۔ انگلینڈ کا تیسرا وکٹ 50 کے اسکور پر گرا۔ لیچ کا کھاتہ نہیں کھلا۔ لیچ کا وکٹ گرنے کے بعد کپتان جو روٹ کو میدان میں اترنا پڑا۔ لارنس اور روٹ نے فیلڈروں سے گھرے ہونے کے باوجود پٹیل اور اشون کی خطرناک گیندوں کا سامنا کیا اور باقی کھیل میں ٹیم کو مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ دن کے اختتام کے وقت لارنس 38 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رن اور کپتان روٹ آٹھ گیندوں میں دو رنزبنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے پٹیل نے نو اوور میں 15 رن پر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشون نے آٹھ اوور میں 28 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔