کابل: کویتی محکمہ شہری ہوابازی نے افغانستان سے کویت آنے والی کمرشل پروازوں پر تاہدایت ثانی پابندی لگادی ہے۔ یہ پابندی نئے کورونا وائرس کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق کویتی محکمہ شہری ہوابازی نے افغانستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی کا سبب نہیں بتایا تاہم مقامی میڈیا نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نئے کورونا وائرس کی وبا کا خطرہ بڑھ جانے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔کویت نے افغانستان کو کووڈ 19 کے حوالے سے ممنوعہ ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
یاد رہے کہ کویت نے 31 ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگائی ہے۔ ان میں مصر، لبنان، عراق اور ایران شامل ہیں ، یہ وہ ممالک ہیں جہاں کووڈ 19 کے نئے مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔دریں اثنا کویت میں پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا کے 432 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 80 ہزار 960 ہوگئی۔کویتی خبر رساں ایجنسی کونا نے وزارت صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے میں 618 افراد صحت یاب ہوئے۔ شفا یاب ہونے والوں کی تعداد 72 ہزار 925 ہوگئی۔
بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز کورونا سے تین اموات ہوئی ہیں جس کے بعد وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 518 ہوگئی ہے۔ کویت میں اس وقت موجود مریضوں کی تعداد7517 ہے جس میں 99 انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ پچھلے24 گھنٹے میں تین ہزار سے زیادہ کورونا ٹسٹ کیے گئے۔ اب تک پانچ لاکھ 90 ہزار 623 ٹسٹ کیے جا چکے ہیں۔