Monday, April 21, 2025
Homeتازہ ترین خبریںافواہوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے واٹس ایپ کی مہم

افواہوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے واٹس ایپ کی مہم

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ہندوستان میں اس وقت عام انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور خاص کر سوشل میڈیا پر ہونے والی سرگرمیوں کو ایک جانب حفاظتی انتظامات کرنے والی ایجنسیاں قریب سے دیکھ رہی ہیں تو دوسری جانب عوام کو بھی مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور خاص کر واٹس اپ کے استعمال میں احتیاط برتیں ۔اس ضمن میں خود واٹس ایپ کی جانب سے ایک مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کا عنوان ” خوشی کو پھیلائیں افواہوں کونہیں ” دیا گیا گیاہے ۔

واٹس ایپ کی اس مہم کا اصل مقصد سوشل میڈیا استعمال کرنے والے صارفین کو انتخابات کے ماحول کے دوران ذمہ دار شہری بنانا ہے تاکہ وہ ہندوستان کے شہروں اور دیہاتوں میں افواہوں کی روک تھام میں اپنا رول ادا کر سکیں ۔انتخابات کے لئے ٹی وی اخبارات اور ریڈیو پر اشتہاری مہم چلائی جاتی ہیں لیکن اس مرتبہ سوشل میڈیا کا کردار کافی اہمیت حاصل کر چکا ہے لہذا واٹس ایپ نے اپنے صارفین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افواہیں پھیلاتے ہوئے عوام کو گمراہ نہ کریں بلکہ ایک ذمہ دار شہری اور واٹس ایپ کے ذمہ دار صارف ہونے کا ثبوت دیں ۔

اس کے علاوہ واٹس ایپ کی جانب سے تربیتی ویڈیوز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں جس میں کس طرح غیر ضروری گروپس سے باہر نکلنا ،افواہیں پھیلانے والے افراد کے نمبرات کو بلاک کرنا اور دیگر اہم معلومات کو ان ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے ۔ واٹس ایپ کی جانب سے گزشتہ ایک برس سے اپنے صارفین کو بہتر اور ذمہ دار شہری بنانے کے لئے ان میں عصری معلومات کی شعور بیداری مہم چلائی جا رہی ہے ،جس کے ذریعے ٹیکنالوجی کے پیچیدہ مسائل کو واضح کرنے کے علاوہ صارفین کو محفوظ انداز میں واٹس ایپ استعمال کرنے کے طریقے بتائے جارہے ہیں ۔اب انتخابات کے ماحول میں صارفین اور شہریوں کو واٹس ایپ کے محفوظ استعمال کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔