دبئی: متحدہ عرب امارات میں گذشتہ دو ایک روز میں کورونا کے 70079 ٹسٹ کیے گئے ہیں۔ امارات کی وزارت صحت نے ان معائنوں کے بعد 424 افراد کے کووڈ19 کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اب تک امارات میں 20 سے 40 سال کی عمر کے لوگ سب سے زیادہ اس مہلک وَبا کا شکار ہوئے ہیں۔ امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق وزارت صحت نے ایک بیان میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 112 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی ہے۔ اس طرح اب ملک میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 48408 ہوگئی ہے۔
یو اے ای میں اب تک امارات میں کورونا کے 66617 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے اور اس مہلک وائرس سے 372 مریضوں کی وفات ہوئی ہے۔یواے ای کی وزارت صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی نے کہا ہے کہ کووِڈ19 سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی پاسداری ایک قومی ذمے داری ہے۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ دو روز میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ بعض لوگوں کے حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ انھوں نے سماجی میل جول کے وقت تجویز کردہ فاصلہ برقرار نہیں رکھا،چہروں پر ماسک نہیں پہنے ،انھوں نے خاندان کے ساتھ سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے اور وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے رہے ہیں۔
ڈاکٹر فریدہ نے مزید کہا ہے کہ 20 سے 40 سال کے درمیان عمر کا گروپ یو اے ای میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس کی بڑی وجہ ان کا یہ یہ غلط تصور رہا ہے کہ نوجوانی کی وجہ سے ان میں قوت مدافعت زیادہ ہے اور وہ اس مہلک وائرس سے بچے رہیں گے۔ایک اماراتی عہدہ دار نے خبردار کیا کہ اگر کووِڈ19 کے معاملات کی تعداد میں اضافہ جاری رہتا ہے تو پھر ملک کے بعض علاقوں میں رات کو دوبارہ کرفیو نافذ کیا جاسکتا ہے۔