دبئی ۔متحدہ عرب امارات نے 22 مئی سے سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق عید الفطر کی سرکاری تعیطلات 26 مئی تک جاری رہیں گی لیکن ابھی اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے کیونکہ اس کا انحصار رمضان المبارک کے اختتام پر آئندہ قمری مہینے شوّال کے چاند کی رؤیت پر ہوگا۔سرکاری اعلان میں شوّال کی تین تاریخ کا ذکر ہے اور توقع ہے کہ یہ تاریخ26 مئی کو ہوگی۔اس صورت میں سرکاری شعبے کے ملازمین 22 مئی جمعہ سے 26 مئی منگل تک عید کی چھٹیاں حاصل کریں گے۔
اس اعلان کا اطلاق صرف سرکاری شعبے کے ملازمین پر ہوگا۔ یو اے ای میں خانگی شعبہ بالعموم سرکاری تاریخوں کے مطابق ہی عید کی چھٹیاں کرتا ہے۔تاہم خانگی شعبے کے ملازمین کی چھٹیوں میں دو ایک دن کی کمی وبیشی بھی ہوسکتی ہے۔