امراوتی: آندھرا پردیش کے حکام نے ہفتہ کے روز آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو کے رہائش پذیر گھر کو منہدم کرنے کا نوٹس دیا۔آندھرا پردیش کیپیٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھا ریٹی (اے پی سی آر ڈی اے) نے گھر کے مالک لنگا منی رمیش سے کہا ہے کہ وہ سات دن کے اندر غیر مجاز تعمیرات کو ہٹا دے،نہیں تو اے پی سی آر ڈی اے اسے منہدم کر دیگی۔
اس سے قبل27جون کو بھی مکان مالک کو وجہ بتاؤ نو ٹس جاری کیا گیا تھا۔تازہ ترین نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ مالک مکان کی جانب سے جو جواب دیا گیا تھا، وہ اتھاریٹی کے لئے اطمینان بخش نہیں ہے۔
نوٹس میں گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل میں غیر مجاز آر سی سی رہائشی عمارتوں کے ساتھ ساتھ سوئمنگ پول اور گراؤنڈ فلور میں ڈریسنگ روم کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
نائیڈو 2016سے حیدرآباد سے یہاں منتقل ہونے کے بعد سے لیز پر گھر میں رہائش پزیر تھے۔بعد میں انہیں پرجا ویدیکا مل گیا تھا۔وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جون میں پرجا ویدیکا کو مسمار کرنے کا حکم دیا تھا۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ نائیدو خود ایک غیر قانونی مکان میں رہ رہے ہیں۔ٹی ڈی پی نے الزام لگایا تھا کہ حکومت سیاسی انتقام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔