Thursday, April 24, 2025
Homeبین الاقوامیامریکہ کی عمان کے ذریعہ ایران کو دھمکی

امریکہ کی عمان کے ذریعہ ایران کو دھمکی

- Advertisement -
- Advertisement -

نیو یارک ۔ امریکہ نے عمان کے ذریعہ سے ایران کو حملوں کا انتباہ دیا ہے جس کی تصدیق ایرانی حکام کی جانب سے بھی کی گئی ہے تاہم روس نے امریکی حکام کو کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازعے کے نتائج پر غور کیا جائے۔ دعویٰ کیا گیاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمان کے توسط سے ایران کو حملوں کی دھمکی دی اور کہا کہ امریکہ جنگ نہیں چاہتا بلکہ بات چیت میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ جن ثالثوں نے امریکی پیغام خامنہ ای تک پہنچایا انہوں نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے بات چیت کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ خبردار کیا کہ امریکہ کی کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے علاقائی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

عمان کے عہدیداروں نے شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے پیغام میں ایران سے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ جنگ کے بجائے بات چیت کا خواہشمند ہوں جس پر ایران نے جواب دیا ہے کہ بات چیت کا فیصلہ رہبر انقلاب آیت اللہ علی خامنہ ای کے ہاتھ میں ہے جو اس وقت امریکہ کے ساتھ بات چیت کے حامی نہیں ہیں۔ایک دوسرے عہدیدار نے کہا کہ تجویز مسترد کر دیئے جانے کے بعد عمان نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر اس کے خلاف فوجی کارروائی ہوتی ہے تو اس کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عمان کے ذریعے تہران کو پیغام پہنچایا تھا کہ امریکہ ایران پر حملہ کرنے والا ہے۔ روسی ڈپٹی وزیر خارجہ سرگئی ریابکو نے امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ تنازعہ کے نتائج پر غور کرے۔نیویارک ٹائمز میں شائع ہونیوالی خبر کے مطابق امریکی صدر نے ایران میں فضائی کارروائی کی منظوری دی تھی جس میں ایران کے ریڈار سسٹم، میزائل بیٹریوں اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت تھی لیکن بعد ازاں امریکہ نے ایران کے خلاف محدود حملے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا

۔دوسری جانب یورپی ممالک نے فضائی کمپنیوں کو بین الاقوامی آبی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کی فضاءسے پروازیں چلانے پر پابندی عائد کی ہے۔ آسٹریلیا، ہالینڈ اور جرمنی نے فضائی کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ آبنائے ہرمز کی فضا سے پروازوں کی آمد ورفت پر پابندی عائد کریں۔جرمنی کی سب سے بڑی فضائی کمپنی لفتھنزا نے کہا ہے کہ طیاروں کو ایران کے بعض علاقوں اور آبنائے ہرمز کی فضاء سے گزرنے سے روک دیا گیا ہے۔ امریکہ کی وفاقی فضائی کمپنی کے طیاروں کی پروازوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ہالینڈ کی فضائی کمپنی ایل ایم نے بھی طیاروں کو ایران کے بعض علاقوں کی فضاء کو استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔