Thursday, April 24, 2025
Homeٹرینڈنگامیر پیٹ۔ایل بی نگر روٹ پر میٹرو ریل کا آغاز

امیر پیٹ۔ایل بی نگر روٹ پر میٹرو ریل کا آغاز

مسافرین 6:00 بجے شام سے اس روٹ پر ٹرین میں سفر کرسکیں گے۔ میٹرو سرویسس کا آغاز کرنے کے بعد گورنر نے وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راؤ کے ساتھ ایل بی نگر تک ٹرین میں سفر کیا۔

حیدرآباد۔ گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے امیر پیٹ انٹر چینج اسٹیشن سے امیر پیٹ۔ ایل بی نگر روٹ پر میٹرو سرویسس کو جھنڈی دکھائی ۔ مسافرین آج شام 6:00 بجے سے اس روٹ پر میٹرو ٹرین میں سفر کرسکیں گے۔ گورنر مسٹر نرسمہن نے ٹرین کو جھنڈی دکھانے کے بعد وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راؤ، رکن پارلیمنٹ و سابق مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ اور دیگر کے ہمراہ ایل بی نگر اسٹیشن تک میٹرو ٹرین کے سفر سے محضوظ ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ میٹرو ٹرین کا استعمال کریں اس سے نہ صرف آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ ایندھن کی بھی بچت ہوگی اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔ مسٹر نرسمہن نے کہا کہ میں نے ہائی ٹیک سٹی روٹ کے لئے 15 دسمبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔ وزیر بلدی نظم و نسق وشہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو ، ملک میں سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل اس روٹ پر میٹرو ٹرین کا آغاز گذشتہ ماہ ہی ہونا چاہئے تھا تاہم کمشنر میٹرو ریل سیفٹی کلےئرنس میں تاخیر کی وجہ سے اب اس روٹ پر ٹرین کا آغاز کیا جارہا ہے۔ بعدازاں گورنر نے وزیر اور دیگر سینئر عہدیداروں کے ہمراہ خیریت آباد اسٹیشن سے سائیکل استعمال کرتے ہوئے راج بھون واپس لوٹے۔