ممبئی۔ دبنگ سلمان خان کی اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ آنے والی فلم ‘انشاءاللہ’اگلے سال عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔ سلمان کی فلم ”بھارت“ عید کے موقع پر ریلیز ہوئی ہے ۔عید کے موقع پر فلم نے شاندارآغاز کیا ہے ۔بھارت نے ریکارڈ توڑکمائی کرتے ہوئے 42.3کروڑ روپے کی کمائی کی ہے ۔اسی دوارن سلمان خان اور عالیہ بھٹ کی آنے والی فلم ”انشاءاللہ“ کے سلسلے میں بڑی خبر سامنے آئی ہے ۔اس فلم کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان کردیاگیا ہے ۔
طویل عرصہ بعد سنجے لیلا بھنسالی سلمان کے ساتھ کام کریں گے ۔فلم میں عالیہ بھٹ بھی اہم رول میں ہیں۔اس سے پہلے سنجے سلمان کی جوڑی فلم ہم دل دے چکے صنم اور سانوریا میں نظر آئی تھی۔ہم دل دے چکے صنم سوپر ہٹ رہی جبکہ سانوریا میں مرکزی کردار میں رنبیر کپور اور سونم کپور تھے اور سلمان کا رول اس فلم میں مہمان اداکار کاتھا ،یہ فلم باکس آفس پر کچھ کارکردگی نہیں کرپائی تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ فلم میں سلمان 40 سال کے ایک تاجرکا کردار ادا کریں گے اور عالیہ 20 سال کی ایک نئی اداکارہ کے رول میں نظر آئیں گی۔ فلم میں دونوں کے عمر کے فاصلے کے باوجود ہونے والی محبت اور اس کے سفرکو پیش کیا جائے گا۔