جودھ پور: چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے نے ہفتے کے روز انصاف کے نام پر ہونے والی ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔چیف جسٹس نے کہا ”جب انصاف انتقام کی شکل اختیار کرتا ہے تو وہ اپنا کر دار کھو دیتا ہے۔چیف جسٹس نے یہ بات راجستھان ہائی کورٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔چیف جسٹس نے کہا ”انصاف کبھی تیز نہیں ہو سکتا۔انصاف کوکبھی انتقام کی شکل نہیں لینا چاہئے۔
چیف جسٹس کا یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے،جب جمعہ کے روز تلنگانہ میں خاتون ویٹر نری ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل میں ملوث چار ملزموں کا انکاؤنٹر کیا گیا۔اگر چہ کہ بڑے پیمانے پر عوام نے اس اقدام سزا کا خیر مقدم کیا ہے،مگر پولیس کو مختلف گوشوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑ اہے۔
اہم بات یہ ہے کہ تلنگانہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر ملزموں نے حملہ کیا تھا،جس کے بعد جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک ہو گئے۔اس معاملے میں،انکاؤنٹر کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ میں در خواست دائر کی گئی ہے۔
بوبڈے نے کہا کہ ”ہندوستان کے عدالتی نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا ”اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ فوجداری عدالتی نظام میں ایک بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے،مقدمات نمٹانے میں اتنا وقت کیوں لگتا ہے،اس پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے۔