قاہرہ۔ مصر میں ایک پرائمری کلاس کے طالب علم نے انگلش کے مضمون میں ناکام ہونے پر انتقام لینے کے لیے استاد کو رکشے (آٹو )سے کچل کر شدید زخمی کر دیا۔پولیس نے ٹیچر کو شدید زخمی حالت میں دواخانہ پہنچایا جبکہ مفرور طالب علم کی تلاش جاری ہے جو واقعہ کے بعد گھر بھی نہیں پہنچا۔
مصرکے جنوبی علاقے کی کمشنری سوھاج میں پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے علاقے کے تھانے میں رپورٹ درج کروائی کہ ان کے ایک استاد حادثے کا شکار ہو گئے ہیں۔پولیس کو ملنے والی اطلاع میں ہیڈ ماسٹرکی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ حادثہ اتفاقی نہیں بلکہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اس رکشے کو اپنی تحویل میں لے لیا جس کے ذریعے استاد کو کچلا گیا تھا۔
زخمی استاد کے ابتدائی بیان میں کہا گیا ہے کہ شاگرد نے انہیں رکشے سے ٹکر ماری تھی۔ استاد کا مزید کہا ہے کہ ان کا شاگرد انگلش میں کافی کمزور تھا، وہ ہر ٹسٹ میں ناکام ہوتا تھا، امتحان سے قبل اس کے والد کو بھی اس کی تعلیم کے بارے میں اطلاع دے دی تھی تاکہ وہ اپنے بیٹے پر توجہ دیں۔استاد نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ طلبہ میں امتحان کا نتیجہ تقسیم کرنے کے بعد میں گھرلوٹ رہا تھا کہ اچانک ایک تیز رفتار رکشا گلی سے نکل کر مجھے روندتا ہوا گزر گیا۔ استاد نے کہا ہے کہ رکشے کی ڈرائیونگ سیٹ پر دیکھا تو وہاں وہی طالب علم تھا۔
پولیس نے مفرور طالب علم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری جانب مفرور طالب علم کے ساتھیوں نے کہا تھا کہ نتائج ملنے کے فوری بعد ان کا ساتھی انتہائی غصے کی حالت میں اسکول سے نکل گیا تھا تاہم اس نے کسی کو اس بارے میں نہیں بتایا کہ وہ انتہائی حد تک جاسکتا ہے۔