Monday, June 9, 2025
Homesliderانگلینڈ سے دوسرا ونڈے، ہندوستان کی نگاہیں سیریز پر

انگلینڈ سے دوسرا ونڈے، ہندوستان کی نگاہیں سیریز پر

- Advertisement -
- Advertisement -

پونے ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف جمعہ کو یہاں ہونے والے دوسرے ونڈے میں کامیابی اور سیریز پر قبضہ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ ہندوستان نے پہلا ونڈے ٹاپ آرڈر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔ ہندوستان نے ونڈے سیریز کا پہلا میچ جیت لیا ہے اور وہ تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ہی قبضہ کرنا چاہے گا۔ ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی انگلینڈ کی ٹیم کو دوسرے مقابلے میں کوئی موقع نہیں دینا چاہیں گے حالانکہ ہندوستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین شریس ایر بائیں کندھے کی چوٹ کی وجہ سے سیزن کے باقی دو میچوں سے باہر ہوچکے ہیں لیکن ہندوستان کے پاس بینچ پر کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

ہندوستانی ٹیم فی الحال وکٹ کیپر لوکیش راہول کی مکمل حمایت کررہی ہے ۔ پہلے میچ میں راہول نے نصف سنچری بنائی تھی۔پہلے میچ میں ٹیم کے وکٹ کیپر رشبھ پنت باہر تھے لیکن ایر کے زخمی ہونے کے بعدپنت کی واپسی کا قوی امکان ہے اور امید کی جارہی ہے کہ وہ صرف بیٹسمین کی طرح ٹیم میں شامل کئے جاسکتے ہیں ۔انگلینڈ کے پاس بھی زخمی کھلاڑیوں کی ایک بڑی فہرست ہے ۔ انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن اور سیم بلنگ فی الحال زخمی ہیں اور ہوسکتا ہے کہ دوسرے میچ سے وہ باہر رہیں ۔ ان کی جگہ لیام لیونگ اسٹون کو الیون میں جگہ مل سکتی ہے ۔ اگر انگلینڈ اپنے بولنگ شعبہ میں بہتری لانا چاہتا ہے تو وہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ریس ٹاپلے کو ٹیم میں شامل کرسکتا ہے ۔

ہندوستان کو اپنے کپتان ویراٹ کوہلی سے سنچری کی امید ہے ۔ ونڈے کرکٹ میں کوہلی نے اگست 2019 کے بعد سے اب تک کوئی بین الاقوامی سنچری اسکور نہیں کی۔ کوہلی نے پہلے ونڈے میں56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ان سے دوسرے میچ میں بھی اسی طرح کی ایک بڑی اننگز کی توقع ہے ۔32 سالہ کوہلی نے اپنے 252 ونڈے میچوں میں43 سنچریاں اسکور کی ہیں اور وہ کرکٹ لیجنڈ سچن تندولکر کے49 سنچریوں کے عالمی ریکارڈ سے چھ سنچریاں دور ہیں۔ کوہلی نے اپنی آخری ونڈے سنچری 14 اگست 2019 کو پورٹ آف اسپین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹ آوٹ 114 رن بناکر کی تھی لیکن اس کے بعد سے ان کے بیٹ سے کوئی سنچری نہیں بنی ہے حالانکہ اس دوران وہ تین مرتبہ 80 سے زیادہ رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں ۔