بھونیشور۔ اومی کرون کے چار معاملے سامنے آنے کے بعد اوڈیشہ حکومت نے کرسمس اور نئے سال کی تقریبات پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اوڈیشہ کے چیف سکریٹری ایس سی مہاپاترا نے جمعہ کو ایک حکم جاری کیا، جو 25 دسمبر 2021 سے 2 جنوری 2022 تک نافذ رہے گا۔حکم نامے کے مطابق کرسمس کی تقریبات صرف گرجا گھروں تک محدود ہوں گی جس میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد کی شرکت ہوگی۔شرکاء کو کووڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ انہیں مقامی حکام کی طرف سے عائد کردہ دیگر تمام شرائط پر عمل کرنا ہو گا۔
حکومت نے حکم نامے میں کہا کہ زیرو نائٹ جشن، ہوٹلوں، کلبوں، ریستورانوں، پارکوں، کنونشن ہالوں، کلیان منڈپس وغیرہ میں نئے سال کا استقبال جیسی پارٹیوں پر ریاست بھر میں مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ریاست بھر میں شادی کے علاوہ کوئی جشن منانے کی اجازت نہیں ہے (لیکن استقبالیہ اور ذیلی تقریب نہیں)۔ کسی کمیونٹی کی دعوت کی بھی اجازت نہیں ہے۔ کسی سماجی اجتماع، ریلیوں، آرکسٹرا، رقص اور دیگر ثقافتی پروگراموں کی اجازت نہیں ہوگی ۔
حکومت نے کورونا پروٹوکول کی پیروی کے ساتھ آخری رسومات کی اجازت دی ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا مواقع کے دوران ہجوم اور جمع ہونے پر سخت نظر رکھی جائے گی۔ اس سے قبل دسمبر کے لیے اپنے رہنما خطوط میں،ریاستی حکومت نے مذہبی تہواروں اور تقریبات پر کچھ پابندیاں عائد کی تھیں تاہم اب مزید پابندیاں عائد کی گئی ہیں کیونکہ پچھلے کچھ دنوں میں ریاست میں اومی کرون کے چار معاملے سامنے آئے ہیں ۔ ۔
ضلع کلکٹر، کٹک-بھونیشور پولیس کمشنر اور میونسپل کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد کریں اور رہنما خطوط کو نافذ کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔ انہیں کوئی بھی اضافی پابندیاں عائد کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جو کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے مفاد میں ضروری محسوس کی جائے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تمام متعلقہ افراد کووِیڈ کے مناسب رویے کی پیروی کریں۔ اگر کوئی شخص مذکورہ رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتا ہے، تو اس کے خلاف قانون میں موجود دفعات کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے عوام کو خبردار کیا ہے۔