Sunday, June 8, 2025
Homesliderاٹلی میں مرغ کی صبح صبح بانگ پر مالک کو جرمانہ

اٹلی میں مرغ کی صبح صبح بانگ پر مالک کو جرمانہ

- Advertisement -
- Advertisement -

میڈرڈ: دنیا بھر میں اکثر افراد صبح سویرے مرغ کی بانگ دینے کی فطرت سے بخوبی آگاہ ہوں گے اور عموما کچھ لوگ مرغوں کی بانگ کے ساتھ ہی اپنی صبح کا آغاز کرتے ہیں تاہم ہر کسی کو مرغوں کی بانگ اچھی نہیں لگتی اور کچھ لوگ مرغوں کی اس عادت کو اپنی نیند میں خلل مانتے ہیں اور اس سے نالاں نظر آتے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ اٹلی کے شہر کاسٹیراگا ویڈراڈو میں پیش آیا جہاں ایک 83سالہ انجیلو بولیٹی نامی بزرگ شخص کو علی الصبح مرغ کی مسلسل بانگوں کی وجہ سے 166 یوروجرمانے کا سامنا ہے۔اطالوی شخص نے کہا کہ کارلینو نامی مرغا ان کے باغ میں رہتا تھا جو ان کی ملکیت تھا اور اس علاقے میں گزشتہ 10 برس سے تھا، انجیلو بولیٹی نے آخر کار اپنے پڑوسیوں کی شکایات کے بعد مرغ کو اپنے ایک دوست کے حوالے کر دیا تھا۔

بعدازاں انہوں نے کارلینو کو عارضی طور پر اپنے دوست سے اس وقت واپس لیا تھا جب ان کا دوست 20 دنوں کی چھٹیوں پر گیا تھا لیکن پڑوسیوں کی جانب سے مرغ کی واپسی سے متعلق شکایت کے بعد پولیس نے انجیلو بولیٹی کے گھر پر چھاپہ مارا۔

دراصل مرغ کی آواز صبح ساڑھے 4 بجے کے قریب سنی گئی تھی اورمرغ کے مالک پر مقامی قانون کی بنیاد پر تقریباً 200 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیاجس کے مطابق پالتو جانوروں کو پڑوسیوں کے مکانات سے کم از کم 32.8 فٹ دور ہونا چاہیے۔

انجیلو بولیٹی نے کہا کہ وہ اس قانون سے لاعلم تھے اور وہ جرمانے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ مرغ کی بانگوں سے تنگ آکر لوگوں نے شکایت درج کروائی ہو، اس سے قبل فرانس میں ایک جوڑے نے علی الصبح بانگ دینے والے مرغ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر  کیا تھا لیکن عدالت نے چند سماعتوں اور وکلاء کے درمیان زبردست بحث کے بعد انسانوں کے بجائے مرغ کے حق میں فیصلہ دے دیا تھا۔