اعظم گڑھ۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے صدر اور اترپردیش کے سابق چیف منٹسر اکھلیش یادو اعظم گڑھ کے پارلیمانی حلقے سے اپنا پرچہ نامزدگی18 اپریل کو داخل کریں گے۔ اعظم گڑھ میں چھٹے مرحلے کے تحت 6 مئی کو رائے دہی ہوگی ۔
اطلاعات کے مطابق پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل اکھلیش یادو اتحاد کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ایک روڈ شو کریں گے اور پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد اعظم گڑھ کے بٹھولی میں ایک عوامی ریالی کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ تیسری موقع ہے کہ اکھلیش اپنے والد ملائم سنگھ کے ذریعہ چھوڑی گئی پارلیمانی نشت سے انتخاب لڑ رہے ہیں اس سے پہلے وہ قنوج اور فیروزآباد سے لوک سبھا انتخابات لڑ چکے ہیں جو کہ ملائم سنگھ نے خالی کی تھی۔ اس وقت اعظم گڑھ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ ملائم سنگھ یادو اپنی روایتی نشت مین پوری سے انتخابی میدان میں ہیں
۔2014کے عام انتخابات میں ملائم نے اعظم گڑھ سے بی جے پی کے راما کانت یادو کو1.60 لاکھ ووٹوں سے شکست دی تھی۔ اس الیکشن میں رماکانت یادو نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور بھدوہی سے انتخابی میدان میں ہیں۔ اس قبل اکھلیش نے اپنی بیوی ڈمپل یادو کی نشت قنوج سے لوک سبھا انتخابات لڑنے کے اشارے دئے تھے لیکن بعد میں انہوں نے ڈمپل کو قنوج سے ایک بار پھر انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا اور اپنے والد کی موجودہ نشت سے خود انتخابی میدان میں ہیں۔ اعظم گڑھ سے اکھلیش کا مقابلہ بھوجپوری اداکار دینیش لال یادو عرف نرہوا سے ہیں۔ نرہوا بی جے پی کی ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہے ۔