حیدرآباد: سائبر آباد اسپیشل آپریشنز ٹیم (ایس او ٹی) نے آر سی پورم سے ایک جوان کو اغوا اور دھمکی دینے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار کیے گئے افراد میں آندھراپردیش کے مغربی گوداوری ضلع کا ڈرائیور ناگاراجو رگھو ورما عرف کرنل کارتیکیہ ، آندھراپردیش کے مغربی گوداوری سے تعلق رکھنے والا کے راجیش ، آندھراپردیش کے وجیانگرم سے تعلق رکھنے والا ایل رام کرشنا اور نظام کالج کا طالب علم آر جور سنگھ شامل ہے جوکہ کاماریڈی ضلع کا آبائی ہے ۔
ایس او ٹی کے مطابق نگاراجو رگھو ورما خود کو فوجی عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے لوگوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔ اس نے جعلی شناختی کارڈ بنایا اور فوجی کی وردی خریدی اور ایک نقلی پستول کے حصول کے علاوہ جعلی بہادر ایوارڈ بھی بنائے۔ اس نے خود کو لال بازار اور نارائن گوڈا میں آرمی آفیسر کے طور پر متعارف کروایا۔ پولیس کے بموجب اس خود ساختہ فوجی نے ہندوستانی فوج میں ملازمتوں کا وعدہ کرکے متعدد افرادکو دھوکہ دیا کی اور ان سے تقریبا 7 لاکھ روپے حاصل کئے ۔
خود ساختہ فوجی نے کرایے کی کاریں لیں اور آرمی اسٹیکر چسپاں کردیئے تاکہ وہ فوج کی گاڑیوں کی طرح نظر آسکیں۔ سائبر آباد کے کمشنر وی سی سججنر نے کہا ہے کہ وہ اپنے آبائی ضلع میں مختلف مقامات پر وردی میں مختلف سماجی پروگراموں اور دکانوں کی افتتاحی تقریبوں میں بھی شریک ہوا اور اپنے مقامی علاقے میں اس کی کٹ آؤٹ رکھی ہیں۔ حال ہی میں خود ساختہ آرمی آفیسر ناگاراجو نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مبینہ طور پر ایک نوجوان تاجر کو اغوا کیا ۔
ایس او ٹی نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خود ساختہ فوجی اور اس کے ساتھیوں نے تاجر کو اغوا کرنے کے بعد اس کے آنکھوں پر پٹی باندھی اور دعوی کیا کہ وہ فوج کے جوان ہیں اور اسے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ اسے آزاد کرنے سے قبل اس سے 30 ہزار روپے حاصل کرلئے ۔ پولیس عہدیداروں نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔