کوالالمپور۔ کورونا بحران کی وجہ سے متعدد مرتبہ ملتوی کئے جانے والے مینس ایشین چمپئنس ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ کا آغاز یکم اکٹوبر کو ڈھاکہ میں ہوگا اور اس کا خطابی مقابلہ 9 اکٹوبر کو منعقد ہوگا۔ ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کورونا بحران کی وجہ سے مذکورہ ایونٹ مقررہ وقت پر منعقد نہیں کیا گیا اور اب یہ ڈھاکہ میں یکم تا 9 اکٹوبر کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں کورونا بحران کی وجہ سے مرد اور خاتون زمرہ کے دونوں ایونٹ ملتوی کردیئے گئے تھے۔
اے ایچ ایف کے چیف ایگزیکیٹیو طیب اکرام نے کہا کہ ہمارا مقصد کورونا بحران کے بعد ہاکی کو واپس اس کے مقام پر لا کھڑا کرنا ہے اور میں ایشین ہاکی ایونٹ کے نظام العمل کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں۔ ہیرو مینس ایشین چمپئنس ٹرافی 2021ءجو پہلے گذشتہ سال ہی کھیلی جانی تھی، لیکن اب اکٹوبر میں کھیلی جائے گی۔ انہوںنے مزید کہا کہ وائرس کے خلاف عالمی جنگ میں یہ ہماری ایک طرح کی کامیابی ہے اور کھیلوں کی دنیا میں وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی ڈگر پر واپسی کی ہے۔ اکرام نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں موجود ہاکی کے شائقین کیلئے یہ ایک کامیابی سے کم نہیں ہے۔ قبل ازیں یہ ٹورنمنٹ گزشتہ برس 17 تا 27 نومبر منعقد شدنی تھا لیکن کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے اسے بار بار ملتوی کیا گیا ۔
نئی تواریخ کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کے علاوہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے بھی نئی تواریخ کو منظوری دےدی ہے۔ ایونٹ کا یہ چھٹا ایڈیشن ڈھاکہ میں مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 6 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میزبان بنگلہ دیش کے علاوہ دیگر ٹیموں میں ہندوستان، پاکستان، کوریا اور ملیشیا کی ٹیمیں خطاب کی دوڑ میں موجود رہیں گی۔