حیدرآباد : حیدرآباد تعلیم اور تاریخ کا گہوارہ ہے کیوں کہ ایک جانب چارمینار اورگولکنڈہ کے ساتھ مکہ مسجد اور عثمانیہ یونیورسٹی اس کے تاریخی شواہد ہیں تو دوسری جانب جامعہ عثمانیہ کے دامن میں موجود ’ انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی ‘ ( اےفلو ) کی وجہ سے شہر کا نام عالمی سطح پر شہرت حاصل کرچکا ہے اور اس یونیورسٹی کے نصاب اور تعلیمی ڈگریوں کی ہندوستان بھر میں ہر گذرتے سال کے ساتھ مقبولیت کافی بڑھ رہی ہے جس کی مثال اس سال مختلف کورسز میں داخلوں کے لیے اہلیتی امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کی تعداد گذشتہ سال کی بہ نسبت زیادہ ہونا ہے ۔ تعلیمی سال 2016-17 میں مختلف کورسز میں داخلوں کے لیے 8617 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں لیکن اب 2019-20 تعلیمی سال کے لیے مختلف کورسز میں داخلوں کے لیے 13384 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ فی الحال ایفلو 40 کورسز میں داخلے دیتی ہے جن میں 8 انڈر گریجویٹ ، 14 پوسٹ گریجویٹ ، 3 ٹیچر ایجوکیشن کورسز اور 15 پی ایچ ڈی پروگرامس قابل ذکر ہیں ۔ علاوہ ازیں آن لائن اہلیتی امتحانات کی تعداد بھی 15 سے 42 ہوچکی ہے اور اہلیتی امتحان کے لیے ہندوستان کے 8 شہروں میں مراکز کی تعداد میں اب اضافے کے بعد شہروں کی تعداد 23 ہوچکی ہے ۔ یونیورسٹی حکام کے بموجب اس مرتبہ نئے تعلیمی سال کے لیے بی اے میں داخلے کے لیے 4,307 درخواستیں ، ایم اے کے لیے 5,868 درخواستیں پی اےچ ڈی میں داخلے کے لیے 2,600 درخواستیں ، بی ایڈ میں داخلوں کے لیے 382 درخواستیں ، عربک کے پی جی ڈی ٹی اے میں داخلے کے لیے 15 درخواستیں اور انگریزی کے پی جی ڈی ٹی اے میں داخلے کے لیے 212 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ بی اے میں داخلوں کے لیے اہلیتی امتحان 30 مارچ کو ، جرنلزم اور ماس کمیونیکیشن کے لیے اہلیتی امتحان 31 مارچ کو صبح 10 تا 12 بجے دوپہر منعقد ہوگا ۔