Wednesday, April 24, 2024
Homesliderاین ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن کے 21 امیدواروں کا اپنے قدیم...

این ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن کے 21 امیدواروں کا اپنے قدیم حریفوں سے مقابلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

پٹنہ: بہار کی قانون ساز اسمبلی کے لئے28 اکتوبر ہونے والے پہلے مرحلے کے انتخابات میں71 نشستوں میں سے21 نشستیں ہی ہیں جہاں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) اور مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کا مقابلہ اپنے پرانے حریفوں سے ہوگا، جن کا وہ 2015 کے انتخابات میں سامنا کرچکے ہیں۔

بہار اسمبلی کی ہائی پروفائل سیٹوں میں شامل ضلع گیا کے امام گنج (محفوظ) حلقہ سے این ڈی اے کے اتحادی ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم) کے صدر اورسابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی انتخابی میدان میں اپنی طاقت دکھائیں گے جہاں سے وہ موجودہ ایم ایل اے بھی ہیں، ان کا مقابلہ سابق اسمبلی اسپیکر اور مہاگٹھ بندھن میں شامل راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے امیدوار ادئے نارائن چودھری سے ہوگا۔ 2015 کے انتخابات میں بھی یہ دونوں قدآور لیڈران آمنے سامنے تھے تاہم اس انتخاب میں ادے نارائن چودھری نے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا اور وہ ایچ اے ایم صدر جیتن رام مانجھی سے 29408 ووٹوں کے فرق سے ہارگئے تھے ۔

 

ضلع گیا کی شیرگھاٹی سیٹ سے جے ڈی یو نے موجودہ ایم ایل اے ونود پرساد یادوکو انتخابی میدان میں دوبارہ اتارا ہے ۔ دوسری طرف آر جے ڈی نے منجو اگروال کو اپنا امیدوار نامزدکیا ہے ۔ 2015 میں جے ڈی یو کے رکن اسمبلی ونود پرساد یادو نے کامیابی درج کی تھی، جبکہ منجو اگروال نے گزشتہ انتخابات میں آزاد امیدوارکے طور پر انتخاب لڑا تھا اور تیسرا مقام حاصل کیا تھا۔ فی الحال انتخابی میدان میں جے ڈی یوکے امیدوار ونود پرساد یادو اور آر جے ڈی کی امیدوار کے طورپر منجو اگروال ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہیں۔

 

ضلع پٹنہ کے مسوڑھی(محفوظ) نشست سے رخصت پذیر ایم ایل اے ریکھا دیوی آر جے ڈی کے ٹکٹ پر پھر سے انتخاب لڑ رہی ہیں، جن کا مقابلہ جے ڈی یوکے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے نوتن پاسوان سے ہوگا۔ سال 2015 میں بھی ان دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔ اس انتخاب میں نوتن پاسوان نے ایچ اے ایم کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزمائی تھی لیکن انہیں آر جے ڈی امیدوار ریکھا دیوی سے 39186 ووٹوں کے فرق سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

 ضلع بانکا کی کٹوریا (محفوظ) نشت سے آر جے ڈی کی امیدوار اور رخصت پذیر ایم ایل اے سویٹی ہیمبرم پھر سے اپنی قسمت آزما رہی ہیں جہاں ان کا مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار نکی ہیمبرم سے ہوگا۔ 2015 کے اسمبلی انتخابات میں بھی ان دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جب آر جے ڈی کی سویٹی ہیمبرم نے بی جے پی کی نکی ہیمبرم کو 10337 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ اسی ضلع کی دھوریا (محفوظ) نشست سے جے ڈی یو کے ایم ایل اے منیش کمار ایک بار پھر انتخابی میدان میں کھڑے ہیں، جہاں مہاگٹھ بندھن کے آر جے ڈی نے سابق ممبر پارلیمنٹ بھودیو چودھری کو پارٹی کا امیدوار بنایا ہے ۔ 2015 کے انتخابات میں جے ڈی یو امیدوار منیش کمار نے بی ایل سی پی کے امیدوار بھو دیو چودھری کو 24154 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔

 

آر جے ڈی نے ضلع بھوج پورکی بڑہرا نشست سے موجودہ ایم ایل اے سروج یادوکو دوبارہ انتخابی میدان میں اتاردیا ہے ، جہاں ان سے لوہا لینے کے لیے بی جے پی نے سابق وزیر راگھویندر پرتاپ سنگھ کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ وہاں گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والی آشا دیوی اس بارآزاد امیدوار کے طور پر اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔ سروج یادو نے 2015 کے انتخابات میں بی جے پی امیدوارآشا دیوی کو 13308 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ راگھویندر پرتاپ سنگھ نے 2015 کے انتخابات میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا اور تیسرے نمبر پر رہے تھے ۔ اس بار تینوں حریف ایک بار پھر آمنے سامنے ہیں۔