امراوتی: آندھراپردیش میں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوتاجارہا ہے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 2432افراد اس وبا سے متاثر پائے گئے اور44افراد کی موت ہوئی۔ محکمہ صحت وطبابت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں یہ بات بتائی گئی۔ان نئے معاملات میں دیگر ریاستوں کے 20افراد شامل ہیں۔نئے معاملات کی تعداد کے لحاظ سے سب سے سرفہرست ضلع گنٹور ہے جہاں 468نئے معاملات گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران درج کئے گئے۔دوسرے نمبر پر 403معاملات کے ساتھ ضلع کرنول ہے۔
سب سے کم 49 معاملات گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ضلع وجیانگرم میں درج کئے گئے ہیں۔اب تک بہ حیثیت مجموعی سب سے زیادہ معاملات کے لحاظ سے ضلع کرنول رہا ہے جہاں اب تک4226معاملات درج کئے گئے جبکہ سب سے کم معاملات 881وجیانگرم ضلع میں بہ حیثیت مجموعی درج کئے گئے۔ ریاست بھر میں 16032افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جن کو گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ان میں سب سے زیادہ روبہ صحت ہونے والے افراد ضلع اننت پور کی ہے جہاں 2205افراد روبہ صحت ہوئے۔ سب سے کم 248افراد وجیانگرم ضلع میں روبہ صحت ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریاست میں کورونا سے 44اموات ہوئی ہیں۔