امراوتی: اے پی کابینہ کااجلاس آج وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی صدارت میں سکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں ریاست میں 25اضلاع کے قیام کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔یہ اجلاس تقریبا دو گھنٹے جاری رہا جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاہم ریاست میں اضلاع کی تعداد 25کرنے کامسئلہ بھی چھایارہا۔ساتھ ہی وائی ایس آر چے یتا اسکیم پر عمل،بی سی، ایس سی،ایس ٹی،اقلیتی خواتین کو مالی مدد کے لئے اسکیم پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ریاست میں اضلاع کی موجودہ تعداد 13ہے۔نئے اضلاع کے قیام کا عمل آئندہ سال 31مارچ تک مکمل کرلیاجائے گا۔نئے اضلاع کی سرحدات پارلیمانی حلقوں کی سرحدات کے لحاظ سے ہوں گی۔اس مقصد کے لئے ایک کمیٹی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔یہ کمیٹی چیف سکریٹری کی صدارت میں کام کرے گی۔
وزیراعلی نے انتخابی وعدہ کے مطابق نئے اضلاع کے قیام کے عمل کاآغاز کیا ہے۔حکومت نے نئے فیصلہ کے مطابق 13اضلاع کی تنظیم جدید کی جائے گی اوران کی تعداد کو بڑھا کر25کردیاجائے گا۔نائب وزیراعلی پشپاسراونی نے کہا کہ نئے تشکیل شدہ اراکو ضلع میں کافی جغرافیائی علاقہ ہے۔وزیراعلی نے نشاندہی کی کہ اراکو ضلع چار اضلاع پر پھیلاہوا ہے۔اس پس منظر میں انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اراکو کو دو اضلاع میں تقسیم کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے مقصد سے نئے اضلاع تشکیل دیئے جارہے ہیں۔