میا می ۔عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ایش بارٹی جنھیں کسی بھی میدان میں شکست دینا آسان نہیں ہوتا اور خاص کر کہ جب وہ بہترین فام میں ہوں، اس کا ثبوت اُنھوں نے پھر ایک مرتبہ دیا ہے جیسا کہ میامی اوپن میں کوارٹر فائنل میں رسائی سے قبل انھوں نے سابق عالمی نمبر ایک بیلا روس کی وکٹوریا آزرینکا کو تین سیٹوں کے مقابلے میں 6-1، 1-6، 6-2 سے شکست دی۔ بارٹی کا تین سیٹوں کے گزشتے 20 مقابلوں میں یہ 17 ویں کامیابی تھی۔ اس کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے بارٹی نے کہاکہ یہ ایک بہتر کامیابی تھی اور خاص کر کہ ایک باصلاحیت کھلاڑی کے خلاف کبھی بھی آسان کامیابی نہیں ہوتی ہے۔ بارٹی جنھوں نے گزشتہ سیزن بھی یہاں خطاب حاصل کیا ہے لیکن آرینکا کے خلاف یہ مقابلہ عوامی توجہ کا مرکز تھا کیونکہ آزرینکا نے یہاں تین مرتبہ خطاب حاصل کرنے کے علاوہ سابق میں عالمی نمبر ایک مقام پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔ مقابلے کا آغاز بھی بہترین طریقہ سے ہوا جہاں بارٹی نے انتہائی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے آسانی سے سیٹ کو اپنے نام کرلیا لیکن دوسرے سیٹ میں آزرینکا نے اُسی شاندار مظاہرہ کے ذریعہ مقابلے میں واپسی کی تاہم تیسرے سیٹ میں بارٹی نے پھر ایک مرتبہ بہترین مظاہرہ کیا۔
کامیابی کے بعد بارٹی نے کہاکہ آخری وقت تک شکست قبول نہ کرنا اہم ہوتا ہے کیونکہ کسی بھی لمحہ مقابلے میں وہ موڑ ضرور آتا ہے جہاں سے آپ کامیابی کی سمت آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ فی الحال وہ خود کو ٹینس کے مختلف حالات کے لئے جسمانی طورپر فٹ محسوس کررہی ہیں۔ دیگر مقابلے میں پانچویں مقام کی یوکرین کی کھلاڑی ایلینا سویٹولینا نے ڈھائی گھنٹے طویل مقابلے میں چیک جمہوریہ کی پیٹرا کوویٹوا کو 2-6، 7-5، 7-5 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے ایلینا نے کہاکہ کھیل کے لئے حالات بہتر نہیں تھے۔ ایلینا نے میامی میں اپنے کیرئیر کے بہترین مظاہرے کے مقام پر دوبارہ پہونچ چکی ہیں اور وہ اس مرتبہ کوارٹر فائنل سے آگے پیشقدمی کے لئے کوشاں ہوں گی۔
بارٹی کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ ساتویں مقام کی کھلاڑی آرینا سبالینکا سے ہوگا جنھوں نے 19 ویں مقام کی مارکیٹا کو راست سیٹوں میں 6-1، 6-2 سے شکست دی۔ ایلینا کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ انیستسیا سے ہوگا جنھوں نے کروشیا کی اینا کونجو کو راست سیٹوں میں 6-1، 7-5 سے شکست دی ہے۔ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز آسٹریلین اوپن جاپانی کھلاڑی نومی اُساکا 16 ویں مقام کی بلجیم کی کھلاڑی ایلیس مارٹین کو راست سیٹوں میں 6-3، 6-3 سے شکست دی ہے۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے اُوساکا نے کہاکہ میں اُن کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوں جنھیں اپنے بہترین فام کے حصول کے لئے متعدد ٹورنمنٹ میں شرکت کی ضرورت پڑتی ہے۔ ایک اور مقابلے میں یونان کی ماریا سکاری نے اپنی حریف امریکی کھلاڑی جسیکا پگولا کو 2:38 منٹ طویل مقابلے میں 6-4، 2-6، 7-6 سے شکست دی۔
غیرمعروف اسپین کی کھلاڑی سوریبیس ٹورمو نے ٹورنمنٹ میں متواتر چوتھا مقابلہ تین سیٹوں میں اپنے نام کیا ہے، جیسا کہ انھوں نے تونیشیا کی کھلاڑی اؤنس جیبور کو 6-4، 0-6، 6-1 سے شکست دی۔ ممکن ہے کہ ان کا آئندہ مقابلہ اسپین کی گاربین موگاروزا سے ہوگا، کیونکہ اس سے قبل وہ بیناکا اینڈریوز کے خلاف میدان میں نظر آئیں گی۔