نئی دہلی۔ لوک سبھا انتخابات 2019 میں اپنی قسمت آزمانے والی بالی ووڈ ہستیوں میں کسی نے ناکامی کا ذائقہ چکھا تو کسی نے کامیابی کا جام نوش کیا اور اگر بالی ووڈ انداز میں ہی کہا جائے تو کہیں خوشی کہیں غم کا سماں رہا ہے۔بالی ووڈ کی دنیا سے سیاست کی دنیا میں قدم رکھنے والوں میں سنی دیول پہلی باربھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کے طورپر پنجاب کے گرداس پور لوک سبھا حلقے سے انتخابی میدان میں اترے اور کانگریس کے سنیل جاکھڑ کو 77ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دےکر پہلی ہی مرتبہ میں کامیابی حاصل کرلی۔
دوسری جانب پہلی مرتبہ سیاسی میدان میں اترنے والی ارمیلا ماتونڈکر نے کانگریس کے ٹکٹ پر ممبئی شمالی لوک سبھا نشست سے الیکشن لڑا لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور انہیں بی جے پی امیدوار گوپال شیٹی کے خلاف تقریباً چار لاکھ 65ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست ملی۔مشہور ادا کار اور سیاست داں شتروگھن سنہا ویسے تو دو مرتبہ رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیررہ چکے ہیں لیکن بی جے پی سے ان کی بغاوت کے پیش نظر اس مرتبہ انہیں ان کی روایتی نشست پٹنہ صاحب سے ٹکٹ نہیں ملا اور انہوں نے اسی نشست سے کانگریس کی طرف سے الیکشن لڑا لیکن ان کے سیاسی حریف اور بی جے پی کی جانب سے پٹنہ صاحب سے امیدوار روی شنکر پرساد نے انہیں دو لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔
سنہا کی اہلیہ پونم سنہا بھی پہلی مرتبہ انتخابی میدان میں اترنے والوں میں شامل رہیں اور انہوں نے سماجوادی پارٹی سے لکھنؤنشست سے لوک سبھا الیکشن لڑا۔یہاں بھی بی جے پی کے قد آور لیڈر اور مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے سنہا کو تین لاکھ 85 ہزار 302ووٹوں سے شکست دی۔ٹیلی ویژن اداکارہ اور سیاست داں سمریتی ایرانی نے اس مرتبہ زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے خلاف کی پارٹی کے گڑھ امیٹھی سے پھر الیکشن لڑا لیکن اس مرتبہ بازی سمریتی ایرانی نے مارلی ۔کانگریس سے تین بار رکن پارلیمنٹ رہے اترپردیش کے صدر راج ببر اس مرتبہ فتح پور سیکری سے الیکشن لڑ رہے تھے انہیں بی جے پی کے راج کمار چاہر نے تقریباً چار لاکھ 94ہزار ووٹوں سے شکست دی۔
مشہوراداکارہ ہیمامالینی کی قسمت نے اس مرتبہ بھی ان کا ساتھ دیا اور متھرا نشست سے راشٹریہ لوک دل کے کنور نریندر سنگھ کو دو لاکھ 93ہزار471 ووٹوں سے شکست دیکر انہوں نے اپنی شاندار جیت درج کی۔اس جیت ہار کے کھیل میں مشہوراداکارہ جیہ پردا اس مرتبہ پیچھے رہ گئیں ۔سماج وادی پارٹی میں رہتے ہوئے دو مرتبہ رکن پارلیمنٹ بنی جیہ پردا اس مرتبہ بی جے پی کی جانب سے رام پور سے امیدوار بنائی گئیں تھیں لیکن سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر محمد اعظم خان کے سامنے وہ ٹک نہیں پائیں اور انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔موجودہ رکن پارلیمنٹ کرن کھیر نے چنڈی گڑھ نشست سے کانگریس کے پاون کمار بنسل کو 46ہزار 970ووٹوں سے شکست دیکر یہاں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔