نئی دہلی:ان دنوں لوک سبھا انتخابات سے قبل سیاسی لیڈروں،اداکاروں کا مختلف سیاسی پارٹیوں سے جڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔پچھلے کچھ دنوں میں جہاں مختلف سیاسی و فلمی و دیگر شعبہ سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے مختلف پارٹیوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔وہیں اب بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اُرمیلا ماتونڈکر نے چہارشنبہ کو کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔اس موقع پر کانگریس صدر راہل گاندھی اور ممبئی کانگریس کے سربرا ہ ملند دیوڑا بھی موجود تھے۔پارٹی میں شامل ہونے سے قبل ارمیلا نے پارٹی صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔
اس سے پہلے منگل کو سماجوادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ رہ چکیں ، بالی ووڈ اداکارہ جیہ پردہ نے بی جے پی کا دامن تھام لیا تھا۔جنہیں اتر پردیش کے رامپور سے اُمیدوار بنایا گیاہے۔
مانا جا رہا ہے کہ اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر ممبئی(شمال) لوک سبھا نشست سے کانگریس کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ سکتی ہیں۔سیاسی حلقوں میں ارمیلا کے انتخاب لڑنے کی زور شور سے چرچا چل رہی ہے۔حالانکہ ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس کا اعلان کیا جا ئے گا۔
واضح ہو کہ ممبئی کی 6لوک سبھا نشستوں کے لئے چوتھے مرحلہ میں 29اپریل کو ووٹنگ ہو گی۔اور اسی دن ریاست کی دیگر 17نشستوں کے لئے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔اگر ارمیلا ماتونڈکر کو امیدوار بنایا جاتا ہے تو ان کا مقابلہ بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ گو پال شیٹی سے ہوگا۔
در اصل ،ممبئی(شمال) حلقہ لوک سبھا کو بی جے پی کا گڑھ مانا جاتا ہے۔حالانکہ بالی ووڈ اداکار گوندہ نے سال 2004میں سابق پیٹرولیم منسٹر رام نائیک کو اس نشست سے ہرایا تھا ۔رام نائیک اس وقت اتر پردیش کے گورنر ہیں۔
45سالہ ارمیلا ماتونڈ کر کا نام پچھلے کچھ دنوں سے سیاسی گلیاروں میں گشت کر رہا تھا ،کیونکہ کانگریس بی جے پی کے خلاف ایک با اثر امیدوار چاہتی ہے۔اب ارمیلا کانگریس میں شامل ہو گئیں ہیں تو ان کی مذکورہ نشست سے امیدواری یقینی سمجھی جا رہی ہے۔
ارمیلا ما تونڈکر بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیں ۔جنہوں نے 1988میں مراٹھی فلم ’’جاکول‘‘ سے صرف سات سال کی عمر میں چائیلڈ ایکٹر کے طور پر اپنے کیریر کی شروعات کی تھی۔اُس کے بعد انہوں نے شیکھر کپور کی فلم ’’معصوم‘‘ میں چائیلڈ ایکٹر کی حیثیت سے کام کیا ۔اس کے علا وہ وہ ’’ڈکیت ،بڑے گھر کی بیٹی،نر سمہا،چمتکار ،آگلے لگ جا ،رنگیلا سمیت کئی فلموں میں کام کیا ہے۔اب دیکھتے ہیں کہ وہ سیاست میں کتنا کمال کر دکھاتی ہیں۔