کولمبو۔ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کی ایک عدالت نے2 سخت گیر بدھ تنظیموں کی جانب سے مسلمانوں کے مذہبی دن (عاشورہ) کے خلاف مظاہرہ کرنے پر پابندی لگادی۔ رپورٹ میں پولیس ترجمان کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ کولمبو کی مجسٹریٹ عدالت نے بدھ راہبوں کی سربراہی میں 2 گروپوں کو روکنے کے احکامات جاری کئے ، جنہوں نے کولمبو میں داؤدی بوہرہ فرقہ کے اجتماع میں خلل ڈالنے کا منصوبہ بنایا تھا۔خیال رہے کہ عاشورہ کے سلسلہ میں10 دنوں تک جاری رہنے والے مذہبی اجتماعات میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے تقریباً 25 ہزار افراد کولمبو پہنچ چکے ہیں۔
پولیس کے ترجمان روان گناشیکھرا نے کہا ہے کہ انہیں یہ اطلاع ملی تھی کہ2 قوم پرست گروہ سری لنکا کے صدر مقام کولمبو میں ہونے والے اجتماع میں خلل ڈالنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، تاہم اب مذکورہ مقام پر پولیس اور فوجی دستوں کو تعینات کرکے سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ یہ گروہ کس طرح کی منصوبہ بندی کررہے تھے لیکن قوم پرست گروہ عموماً مذہبی اقلیتوں کے خلاف سخت گیرکارروائیاں کرتے ہیں۔چنانچہ اتنی بڑی تعداد میں زائرین کا انتظام کرنے کے لئے کولمبو کی مرکزی شیعہ حسینی مسجد کے قریب اہم شاہراہ کے ایک حصے کو بند کردیا گیا۔
واضح رہے کہ داؤدی بوہرہ فرقہ کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین اجتماعات کی سربراہی کرنے کے لئے چہارشنبہکوکولمبو پہنچے تھے ، جہاں وہ سری لنکا کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ یہ اجتماعات 3 گرجاگھروں اور3 ہوٹلز میں ہونے والے سلسلہ واربم دھماکوں کے4 ماہ بعد منعقد ہورہے ہیں جس میں 258 افراد ہلاک جبکہ500 زخمی ہوگئے تھے ۔