Sunday, June 8, 2025
Homesliderبراڈ ،اینڈرسن اور حمید خارج، ثاقب انگلش ٹیم میں شامل

براڈ ،اینڈرسن اور حمید خارج، ثاقب انگلش ٹیم میں شامل

- Advertisement -
- Advertisement -

لندن ۔ انگلینڈ نے اگلے ماہ شروع ہونے والے کیریبین دورہ  کے تین ٹسٹ میچوں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں سینئر بولروں کی جوڑی جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ملک کے سب سے زیادہ  وکٹ لینے والے دو اہم  بولروں  براڈ اور اینڈرسن کے علاوہ  ٹسٹ کرکٹ ٹیم سے انگلینڈ نے ڈوم بیس، سیم بلنگز، روری برنز، جوس بٹلر، حسیب حمید اور ڈیوڈ ملان کو بھی باہر کر دیا ہے جنہوں  نے حال ہی میں ایشز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا۔

اینڈرسن  اور براڈ اس موسم گرما میں بالترتیب 40 اور 36 سال کے ہو جائیں گے، انگلینڈ مینز کرکٹ کے عبوری ڈائریکٹر اینڈریو اسٹراس نے زور دیا ہے کہ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا خاتمہ نہیں ہے۔اسٹراس نے کہا کہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کے حوالے سے میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا بطور انگلینڈ کھلاڑی خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ کچھ دلچسپ نئی بولنگ صلاحیتوں کو دیکھنا اور دوسرے کھلاڑیوں کو کچھ اضافی ذمہ داری دینا ضروری ہے جو پہلے نمایاں ہو چکے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آسٹریلیا میں 4-0 کی ذلت آمیز شکست نے پہلے ہی ایشلے جائلز، کرس سلور ووڈ اور گراہم تھورپ کو معاون عملہ  کے حصے کے طور پر اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

آسٹریلیا میں اسکواڈ کا حصہ بننے والوں میں سے جو روٹ اور بین اسٹوکس کیریبین میں اسکواڈ کی قیادت کریں گے جب کہ ایم سی جی میں نصف سنچری سے متاثر کرنے والے نوجوان بلے باز زیک کرولی، زیادہ تجربہ کار جونی بیرسٹو، اولی پوپ اور ڈین لارنس نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ کرس ووکس اور کریگ اوورٹن فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ہیں جبکہ اولی رابنسن اور مارک ووڈ بولنگ شعبہ مکمل کیا۔ جیک لیچ ٹیم میں دوسرے اسپنر کے طور پر پارکنسن کے ساتھ ہیں۔

اسکواڈ میں نئے اضافے کے ساتھ ثاقب محمود اور میتھیو پارکنسن کی لنکاشائر جوڑی کا مقصد کیریبین میں ٹسٹ ڈیبیو کرنا ہوگا ۔تین میچوں کی ٹسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہے اور جو روٹ کی ٹیم چمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کے مایوس کن آغاز کے بعد درجہ بندی میں ترقی کرنے کی کوشش کرے گی۔انگلش ٹیم  جمعرات 24 فروری کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے روانہ ہوگی۔

اسکواڈ: جو روٹ (کپتان)، جونی بیرسٹو، زیک کرولی، میتھیو فشر، بین فوکس، ڈین لارنس، جیک لیچ، ایلکس لیز، ثاقب محمود، کریگ اوورٹن، میتھیو پارکنسن، اولی پوپ، اولی رابنسن، بین اسٹوکس، کرس ووکس اور  مارک ووڈ