حیدرآباد: رائل چیلنجرس بنگلور کے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولراور گزشتہ مقابلے میں مین آف دی میچ رہے محمد سراج جنہوں نے آئی پی ایل سیزن13میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف 8 رنز دے کر تین اہم وکٹس حاصل کرتے ہوئے ریکارڈ بنایا ہے وہ اس خوشی میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مندی کھلانے کے خواہشمند ہیں۔ محمد سراج آئی پی ایل کی تاریخ کے پہلے بولر بن گئے جنہوں نے لگاتار دو میڈن اوورس ڈالے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔یہ میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلاگیا تھا۔انہوں نے مین آف دی میچ کے بعد ہرشابھوگلے جو خود حیدرآبادی ہیں ان سے خالص حیدرآبادی انداز میں بات کی۔
ہرشا بھوگلے بھی ان سے حیدرآبادی لب ولہجہ میں سوال کرتے ہوئے لطف محسوس کررہے تھے ۔سراج سے بھوگلے نے پوچھا کہ چناسوامی اسٹیڈیم میں بولنگ کررہے ہیں آپ، یہاں پر آپ کو بولنگ کرتے ہوئے بڑا مزہ آیا ہونگا؟اس سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد سراج نے کہا کہ پہلے تو میں اللہ کا بہت شکر ادا کرتاہوں، ویراٹ بھائی مجھے نیا بول(گیند)دیئے ۔میں نئے بول سے بہت زیادہ پریکٹس کررہا تھا۔مجھے ابھی موقع ملا تو بھوت(بہت) اچھالگا۔ہرشابھوگلے نے جب ان سے سوال کیاکہ آپ کواندازہ تھا کہ آپ کو(دے ریں بول کے ) بولنگ کا موقع دیاجائے گا تو انہوں نے کہا نہیں پتہ نہیں تھا جیسا فیلڈ پر گئے تو ویراٹ بھائی بولے کہ میاں،ریڈی ہوجاو،جس پر مزہ لیتے ہوئے بھوگلے نے کہابالکل اپنی زبان میں بولے میاں ریڈی ہوجاو بول کے ۔
بھوگلے نے ایک اور سوال حیدرآبادی انداز میں کرتے ہوئے پوچھا کہ اس سال کیا بات ہے آرسی بی میں کہ کچھ الگ ماحول ہے جو بھی لوگاں آریں اچھا کرریں (اچھا مظاہرہ کررہے ہیں)؟جس پر سراج نے کہا ماحول توبہت ہی اچھا ہے ۔ماحول بھی اچھا ہے ۔ ہر کوئی ایک دوسرے کو سپورٹ کرراہے ۔ایک دوسرے سے بات کررہا ہے تو بہت ہی اچھا لگ رہا ہے ۔ہرکوئی آرا پرفارمنس کرراتو پلیرس کو اور ٹیم کو بھی الگ ہی بوسٹ مل را۔ہرشا نے ایک اور سوال کرتے ہوئے کہا کہ اس میچ میں کوئی خاص بال ہے جو آپ کو یاد رہے گا تو سراج نے کہا کہ نتیش رانا کا بال بہت ہی اچھا تھا۔جو سونچا تھا وہ ہوا اور وکٹ بھی ملی۔
آخری سوال ہرشابھوگلے نے حیدرآبادی انداز میں کرتے ہوئے پوچھا ، بریانی کھلاریں آج ان لوگوں کُو(ٹیم کے ارکان کو بریانی کھلائیں گے کیا)جس پر سراج نے ہنستے ہوئے کہا بریانی تومشکل ہے ،مندی کھلاسکتے یاں پہ ، اس سیزن کے دوسرے میچوں کے مقابلہ محمد سراج نے کے کے آر کے میچ میں اپنا بہتر مظاہرہ کیا۔محمد سراج کے اس سے پہلے کے آئی پی ایل کے سیزن خاص نہیں رہے تھے تاہم انہوں نے اس سیزن میں کھیلے گئے میچ میں کافی بہتر مظاہرہ کیا۔ رات 11بجے تک چلے اس میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم نے کولکتہ نائٹ رائیڈرس کو 8وکٹ سے شکست دی۔اس میچ میں انہوں نے تین اہم وکٹ لئے جس کے لئے ان کو مین آف دی میچ دیاگیا۔ پوائنٹس کے اعتبار سے رائل چیلنجرس بنگلور دوسرے نمبر پر ہے ۔