Monday, April 21, 2025
Homesliderبسیں کم مسافر زیادہ ، زیادہ بسیں چلانے کی ضرورت

بسیں کم مسافر زیادہ ، زیادہ بسیں چلانے کی ضرورت

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات میں اضافہ کے بعد جہاں عوام کو راحت ملی ہے وہیں سڑکوں پر ٹرافک جام اورمسافروں کی ایک بڑی تعداد کو بس اسٹاپس پر دیکھا جارہاہے ۔تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں مسافرین کی تعداد میں اضافہ دیکھاجارہا ہے تاہم دن کے آخری گھنٹوں میں مسافرین کی تعداد زیادہ اور بسوں کی سہولت کم ریکارڈ کی جارہی ہے ۔ساتھ ہی بس اسٹینڈس میں بھی مسافرین بڑی تعداد میں نظر آرہے ہیں۔

ان حالات میں عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ اگر مسافرین کی تعداد میں اسی طرح اضافہ ہوتارہاتو تلنگانہ آرٹی سی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا جس کےلئے وہ زیادہ بسیں چلانے کا فیصلہ لے سکتے ہیں۔لاک ڈاون کے قواعد پر عمل کرتے ہوئے آرٹی سی کی پارسل،کورئیر اورکارگو خدمات کو بھی بحال کردیاگیا۔دور دراز کے علاقوں کیلئے بسیں چلائی جارہی ہیں تاہم بین ریاستی بس خدمات ہنوز شروع نہیں ہوئی ہیں۔لاک ڈاون سے پہلے آرٹی سی کو11کروڑروپئے کی آمدنی ہوتی تھی تاہم کورونا کی دوسری لہر کے سبب نافذ لاک ڈاون کی وجہ سے بس خدمات مکمل طورپر متاثر ہوگئی تھی۔ابتدا میں صرف صبح 6 بجے سے 10بجے دن تک ہی لاک ڈاون میں نرمی دی گئی تھی جس کے بعد صرف قریبی علاقوں کیلئے ہی بس خدمات کا آغاز کیاگیا تھا۔

عہدیداروں نے کہا ہے کہ لاک ڈاون میں شام پانچ بجے تک نرمی کے بعد ریاست کے تمام علاقوں کیلئے بس خدمات بحال کی گئی ہیں ۔حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی جلد ہی بین ریاستی بس خدمات کا بھی آغازکردیاجائے گا۔ایک کنڈکٹر نے کہا کہ ہر بس میں 30 تا 40 مسافرین کی تعداد دیکھی جارہی ہے ۔آرٹی سی کی جانب سے موجودہ طورپر صرف 1500بسیں ہی چلائی جارہی ہیں۔اس سے آرٹی سی کو زائد از چارکروڑ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے ۔عہدیداروں نے کہاکہ لاک ڈاون کے مکمل طورپر خاتمہ پر ایک مرتبہ پھرکارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ذرائع کے بموجب بارش کے موسم میں زیادہ مسافرین آرٹی سی بسوں میں سفر کرتے ہیں اور محکمہ کو اب بہتر آمدنی کی امید ہے ۔