نئی دہلی۔ اسٹار ہندوستانی فاسٹ بولرجسپریت بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر سخت مایوس ہیں لیکن وہ پورے ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔بمراہ نے منگل کو ٹویٹ کیا انتہائی مایوسی ہوئی کہ میں اس بار ٹی20 ورلڈ کپ کا حصہ نہیں بن سکوں گا، لیکن اپنے چاہنے والوں کی طرف سے ملنے والی نیک تمناوں، تعاون اور حمایت کے لیے شکرگزار ہوں۔ میں زخموں سے صحت یاب ہوتے ہوئے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتا رہوں گا۔
بمراہ کی غیر موجودگی یقینی طور پر آسٹریلیا میں ہندوستان کے امکانات کو متاثر کرے گی کیونکہ ڈیتھ اوورزکی بولنگ اس وقت ٹیم کے لیے سب سے بڑی پریشانی ہے۔فاسٹ بولر بمراہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں زیر علاج ہیں اور بی سی سی آئی کو ان کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار تھا لیکن یہ یقینی تھا کہ وہ اگلے کئی ماہ تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔بمراہ کمر میں درد کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹی20 سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔ بمراہ ماضی میں بھی کمر درد سے پریشان رہے ہیں۔ انہیں 2019 میں بھی اسی وجہ سے تین ماہ باہر رہنا پڑا تھا لیکن اس بار انہیں چار سے چھ ماہ باہر رہنا پڑسکتا ہے۔
بمراہ نے اس سال ہندوستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں ایک جیسے پانچ میچ کھیلے جبکہ انھوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کے لیے 14 میچ کھیلے۔بی سی سی آئی نے ابھی تک بمراہ کی جگہ کسی کھلاڑی کا انتخاب نہیں کیا ہے۔ فاسٹ بولر محمد سمیع، جنہیں اسٹینڈ بائی کی فہرست میں رکھا گیا ہے، اگر وہ کوویڈ19 سے صحت یاب ہونے کے بعد مکمل فٹنس حاصل کر لیتے ہیں تو انہیں ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
اگر سمیع پوری طرح فٹ نہیں ہوتے ہیں تو دیپک چاہر یا محمد سراج میں سے کسی کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ مل سکتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جمعرات کوآسٹریلیا روانہ ہوگی۔ ورلڈکپ 16 اکتوبرکو شروع ہوگا جس کے پہلے راونڈ کے میچ ہوں گے جن میں سے چار ٹیمیں سوپر12 میں داخل ہوں گی۔ سوپر12 میچز 22 اکتوبر سے کھیلے جائیں گے۔ہندوستان ٹی20ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کٹر حریف پاکستان کے خلاف کرے گا ۔