Wednesday, April 23, 2025
Homesliderبمرا کی نصف سنچری اور محمد سراج کی پارٹنر شپ نے ہندوستان...

بمرا کی نصف سنچری اور محمد سراج کی پارٹنر شپ نے ہندوستان کی لاج رکھ لی

- Advertisement -
- Advertisement -

سڈنی۔ہندوستان اے اور آسٹریلیا اے کے مابین گلابی گیند سے سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے پریکٹس میچ کے پہلے ہی دن ہندوستانی ٹیم صرف194 کے اسکور پر سمٹ گئی جس میں55 رنز کا تعاون تو فاسٹ بولرجسپریت بمراہ کارہا جبکہ شبھمن گل نے 43 اور پرتھوی شا نے40 رنز بنائے ۔جوابی اننگز میں ہندوستانی بولروں نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو صرف 32  اوورس میں  108 رنز پر ڈھیر کردیا ۔ ہندوستان کےلئے  محمد سمیع ،  نودیپ سینی نے فی کس تین کھلاڑیو ں کو آؤٹ کیا جبکہ بمرا کو دو اور محمد سراج کی ایک وکٹ ملی ۔

جسپریت نے آخر تک بیٹنگ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر ناٹ آوٹ 55 رنز بنائے ، جس میں انہوں نے دو چھکے اور چھ چوکے لگائے ۔ جسپریت اور محمد سراج کے مابین آخری وکٹ کے لئے71 رنز کی شراکت سے ٹیم اس اسکور تک پہنچ سکی۔

 بمراہ نے کسی بھی پریکٹس میچ میں پہلی مرتبہ نصف سنچری بنائی ہے اور یہ ان کا سب سے بہترین اسکور بھی بن گیا ہے ۔ سراج نے بھی بمراہ کا ساتھ دیتے ہوئے 34 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے22 رنز بنائے ۔ ہندوستان اے کے کپتان اجنکیا رہانے نے اس سے پہلے ٹاس جیت کر بیٹنگکا فیصلہ کیا جوصحیح ثابت نہیں ہوا اور ٹیم نے مینک اگروال کے طور پر صرف9 رنز کے اسکور پر پہلا وکٹ گنوا دیا۔

اس کے بعد شبھمن اور پرتھوی نے اچھے شاٹ لگائے ۔ دونوں کے بیچ دوسرے وکٹ کے لئے61 رنز کی شراکت ہوئی جس کے بعد پرتھوی40 رنز بناکرآؤٹ ہوئے ۔ آل راؤنڈر ہنوما وہاری بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 15 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے ۔ پہلے پریکٹس میچ میں سنچری بنانے والے کپتان راہانے زیادہ دیر پچ پر نہیں ٹھہر سکے اور وہ صرف چار رنز بناکرکیچ آؤٹ ہوئے ۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایک بار پھر مایوس کیا اور وہ صرف پانچ رنز ہی بناسکے ۔

 ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل ردھمان ساہا پریکٹس میچ میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔ ساہا کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان کے سات وکٹ صرف117 رنز پرگری ۔

محمد سمیع کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور صفرپرآؤٹ ہوئے ۔ نودیپ سینی نے بھی27 گیندوں کا سامنا کیا اور چار رنز بنائے ۔ ہندوستانی فاسٹ بولروں نے اس اننگز میں81 رنز بنائے جس سے کپتان وراٹ کوہلی کو یقینی طور پر راحت محسوس ہوئی کیونکہ آسٹریلیائی پچوں پر نچلی صف کے بیٹسمینوںکا بھی اہم کردار ادا ہوتا ہے۔آسٹریلیاکی طرف سے جارحانہ فاسٹ بولنگ کرتے ہوئے شان ایبٹ نے12 اوورز میں46 رنز پر تین اور جیک وائلڈرمتھ نے صرف آٹھ اوورز میں 13 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیری کان وے ، ول سدرلینڈ ، کیمرون گرین اور مشل سویپ سن نے فی کس ایک وکٹ حاصل کیا۔

 ہندوستان ٹیم کے کپتان کوہلی دوسرے پریکٹس میچ میں بیٹنگ نہیں کی اور وہ بنچ پر بیٹھے رہے ۔کوہلی کے علاوہ لوکیش راہول ، چتیشور پجارا ، روی چندرن اشون ، امیش یادو اورکلدیپ یادو بھی دوسرے پریکٹس میچ میں نہیں کھیل رہے ہیں۔

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 17 دسمبر سے سڈنی میں گلابی گیند سے شروع ہونا ہے ۔ وراٹ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لئے وطن لوٹ جائیں گے ، جس کے بعد اجنکیا رہانے ٹیم کی قیادت کریں گے ۔