Friday, April 19, 2024
Homesliderبھونیشور کمار کو آئی سی سی کا ایوارڈ

بھونیشور کمار کو آئی سی سی کا ایوارڈ

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی ۔ ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے آئی سی سی کی جانب سے مارچ کے مہینے کا ایوارڈ جیت لیا ہے جیسا کہ انہوں نے مذکورہ مہینہ میں انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں بہترین مظاہرہ کیا تھا۔ 31 سالہ ہندوستانی بولر نے انگلینڈ کے خلاف 3 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 4.65 کی اوسط سے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ 5 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز میں انہوں نے 6.38 کی اوسط سے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

بھونیشور نے آئی سی سی کی جانب سے ایوارڈ کے حصول پر خوشی کا اظہار کرت ہوئے کہا کہ ایک طویل وقفہ کے بعد مسابقتی مقابلوں میں واپسی کرنا اور ہندوستانی ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کرنا خوشگوار احساس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ہر اُس شخص سے اظہار تشکر کرتا ہوں جنہوں نے میرے اس سفر میں ساتھ دیا اور خاص کر افراد خاندان، دوست احباب اور ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کا بھی میں شکر گذار ہوں۔ علاوہ ازیں ان شائقین کا بھی شکریہ جنہوں نے اس ایوارڈ کی دوڑ میں مجھے کامیاب بنانے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ خاتون زمرہ میں جنوبی افریقہ کی کھلاڑی لیزلے لی جنہوں نے مارچ کے مہینہ میں ہندوستان کے خلاف 4 ونڈے مقابلوں کی سیریز میں 2 نصف سنچریاں اسکور کرنے کے علاوہ خاتون زمرہ کی ونڈے درجہ بندی میں پہلا مقام بھی حاصل کیا ہے، ان مظاہروں کی بدولت انہیں آئی سی سی کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

آئی سی سی کی ووٹنگ اکیڈیمی کی نمائندگی کرنے والے ہندوستانی ٹیم کے سابق ٹسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے کہا ہے کہ کمار زخموں کی وجہ سے تقریباً ڈیڑھ سال تک بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہے لیکن واپسی پر انہوں نے اپنے شاندارمظاہروں کے سلسلے کو جاری رکھا ۔کمار نے پاؤر پلے اور اننگزکے آخری اوورس دونوں کے مواقع پر شاندار بولنگ کی  ہے ۔یادر ہے کہ آئی سی سی نے رواں سال جنوری میں مہینے کے دوران بہترین مظاہرہ کرنے والے مرد و خواتین کو ایوارڈ دینا شروع کیا ہے اور حسن اتفاق سے جنوری میں ریشپھ پنت ، فروری میں روی چندرن اشون اور اب مارچ میں بھونیشور کمار نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے اور تینوں ہی ایوارڈ ہندوستانی کھلاڑیوں کو حاصل ہوئے ہیں۔