بھوپال۔ بھوپال کے کملا نہرو چلڈرن ہسپتال کے خصوصی نوزائیدہ کیئر یونٹ میں آگ لگنے کے بعد دم گھٹنے سے کم از کم چار بچوں کی موت ہو گئی۔ آگ گزشتہ رات میں لگی۔ واقعہ کے وقت دواخانہ کے خصوصی وارڈ میں جملہ 40 بچے تھے۔ طبی تعلیم کے وزیر وشواس سارنگ نے کہا کہ ان میں سے چار کی موت ہو گئی اور 36 کودواخانہ کے عملے کے ساتھ فائر بریگیڈ کے عہدیداروں نے محفوظ مقامات پر پہنچا یا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ کے ایک عہدیدار نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ کو رات 10.30 بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ اس اطلاع کے موصول ہوتے ہی تقریباً 12 فائر فائٹنگ انجنوں کو فوری طور پر موقع پر پہنچایا گیا۔آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دواخانہ کی تیسری منزل پر آگ لگنے کے بعد عمارت میں دھواں پھیل گیا جس سے مریضوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ آتش فرو عملہ کے عہدیدارنے کہا کہ اندھیرے، دھوئیں سے بھری عمارت میں افراتفری پھیل گئی اور سیکورٹی عملے نے مریضوں کے لواحقین کو باہر نکالنے پر مجبور کر دیا، جس سے عوام کے غصے میں اضافہ ہوا۔
اس کے بعد صورتحال پر قابو پانے کے لیے مقامی پولیس کو طلب کیا گیا۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ چوہان نے متاثرین کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے کے ایکس گریشیا کا بھی اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے دفتر نے منگل کی صبح ایک بیان میں کہا اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ تحقیقات اے سی ایس پبلک ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمد سلیمان کریں گے۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ حالیہ دنوں میں کورونا مریضوں کے علاج کے دوران بھی کئی دواخانوں میں آگ لگنے کے واقعات اور درجنوں مریضوں کی اموات کے واقعات سامنے آئے ہیں۔