Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگبھگوان رام کے نام 1.41 لاکھ کا چالان کاٹا گیا

بھگوان رام کے نام 1.41 لاکھ کا چالان کاٹا گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ جب سے موٹر وہیکل ایکٹ کا نیا قانون نافذ ہوا ہے تب سے چالان کی رقومات  موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ اب خبر آئی ہے کہ سب سے مہنگا چالان دہلی میں کاٹا گیا ہے اور جرمانہ کی رقم ہزار وںمیں نہیں بلکہ لاکھ میں ہے اور یہ چالان1.41 لاکھ روپے کا ہے۔ اس چالان کے جرمانہ کی رقم تو سب سے زیادہ ہے ہی ساتھ میں جس شخص کا چالان کاٹا ہے اس کا نام بھی بہت اہم ہے۔ کیونکہ اس کا نام بھگوان رام ہے، وہ راجستھان کا رہنے والا ہے اور ایک ٹرانسپورٹر ہے۔ بھگوان رام نامی شخص کا چالان اوور لوڈنگ کے جرم میں کاٹا گیا ہے۔

بھگوان رام نامی شخص نے 1.41لاکھ روپے کا جرمانہ روہنی کورٹ میں ادا بھی کردیا ہے۔ اس چالان کے بھرنے کے ساتھ ہی وہ ملک کے پہلے ایسے ٹرانسپورٹر ہو گئے ہیں جنہوں نے سب سے مہنگا چالان بھرا ہے۔ اس سے قبل سب سے مہنگا چالان 86 ہزار روپے کا بھرا گیا تھا اور یہ چالان دہلی کے ایک ٹرک کا اوور لوڈنگ کے جرم میں ہریانہ میں کیا گیا تھا۔

واضح رہے جیسے جیسے نئے اور بھاری جرمانہ کی خبرعام ہوتی جا رہی ہے ویسے ویسے اچھی سڑکوں کا مطالبہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ لوگ یہ بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ جن سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹیں ٹھیک نہیں ہیں وہاں ان کو فوراً ٹھیک کروایا جائے۔ عوام  کا کہنا ہے کہ اگر سڑکیں اچھی ہوں تو انہیں جرمانہ کی بڑھی رقم ادا کرنے میں اعتراض نہیں ہے اس لئے حکومت نے جہاں جرمانہ کی رقم بڑھائی ہے وہیں وہ اس کو بھی یقینی بنائے کہ سڑکیں بھی اچھی ہوں۔

واضح رہے نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد جرمانہ کی رقم میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ اوور لوڈنگ میں دو ہزار جرمانہ کو بڑھاکر بیس ہزار روپے کر دیا گیا ہے اور بغیر ڈرایئونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر جرمانہ کی رقم پانچ ہزار روپے کر دی گئی ہے۔