ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ اس سال حجاج کے لیے نینو ٹیکنالوجی سے آراستہ خصوصی احرام فراہم کیے گئے تھے۔ اس احرام کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں بیکٹیریا جمع نہیں ہوسکتے۔ میڈیا نے وزارت حج کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ نینوٹیکنالوجی سے آراستہ احرام سعودی شہری حمد الیامی کی ایجاد ہیں جو اس سال پہلی مرتبہ حجاج نے استعمال کیے۔
وزارت نے مزید کہا کہ جدید ترین احرام حجاج کی صحت و سلامتی کے پیش نظر استعمال کروائے گئے تھے تاکہ انہیں کورونا اور دیگر امراض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس سے قومی صنعت کے فروغ اور سعودی موجد کی حوصلہ افزائی کرنا بھی مقصود تھا۔
نینوٹیکنالوجی سے تیارکردہ احرام کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے استعمال کرنے والے کے جسم پر وہ بیکٹیریا منتقل نہیں ہوسکتے جو انسانی پسینے کے ساتھ جمع ہو جاتے ہیں۔ یہ احرام صد فیصد خالص کاٹن سے بنا ہوا ہے جسے 90 مرتبہ سے زائد مرتبہ دھو کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ احرام کے معیار کو آئزو ( بین الاقوامی معیار) کی سند بھی ملی ہے۔