گروگرام۔گروگرام کے گرودوارہ روڈ پر جمعرات کو ایک 52 سالہ شخص جو مبینہ طور پر سوہنا مارکیٹ کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین اور بی جے پی کا کارکن تھا اسے دن دہاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں ہلکی سے کشیدگی پائی جاتی ہے ۔مقتول کی شناخت سکھبیر سنگھ عرف سکھی کے طور پر ہوئی ہے جو گروگرام کے ریتھوج گاؤں کا رہنے والا ہے۔اگرچہ اس شخص کو گولی لگنے کے فوراً بعد گروگرام کے ایک خانگی دواخانہ میں داخل کروایا گیا تھا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اطلاع کے بعد مقامی تھانے کی ایک ٹیم دواخانہ پہنچی اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ واقعے کی اطلاع مقتول کے اہل خانہ کو بھی دی گئی ہے ۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ متاثرہ سکھبیر دوپہر 3.30 بجے کے قریب کپڑے خریدنے گرودوارہ روڈ پر واقع ریمنڈ کے شوروم میں آیا تھا۔ جمعرات کوموقع پاکر تین سے پانچ نامعلوم مسلح بدمعاش ان کے قریب آئے اور شوروم کے اندر ان پر فائرنگ کی۔ حملہ آوروں نے سکھبیر پر پانچ سے آٹھ راؤنڈ گولیاں چلائیں اور پھر موقع سے فرار ہوگئے۔دن دہاڑے اس قتل کے بعد دیپک سہارن، ڈی سی پی (مغرب) نے آئی میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہم ابھی تک اس واقعے کے پیچھے محرکات کا پتہ نہیں لگا پائے ہیں۔ ہم ملزم کی شناخت کے لیے قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کر رہے ہیں ۔
افسر نے کہا معاملے کی تمام زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے، بشمول ذاتی دشمنی اور کاروباری تنازعات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا ۔اس واقعہ کے بعد نہ صرف علاقے میں کشیدگی پائی جارہی ہے بلکہ بی جے پی کے مقامی لیڈروں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی اعلی ٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہئے اور خاطیوں کو جلد گرفتار کرتے ہوئے انہیں سزا دینی چاہئے ۔